وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات

headline

وزیر اعظم نواز شریف سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے ملاقات میں کراچی آپریشن سمیت سندھ سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں سندھ میں کرپشن کے خلاف متعدد اقدامات سامنے آئے ہیں جس میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات کی گرفتاری بھی شامل ہے۔ کراچی میں پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اور سندھ کے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین کو بھی گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل پنجاب میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر قاسم ضیاء کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور آرمی چیف کے مابین ہونے والی ملاقات میں کراچی آپریشن جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ملاقات میں قبائلی علاقوں میں بحالی کے منصوبوں کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *