دنیابھرسے

عمرے کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر عارضی پابندی

Share

متعدد ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر سعودی عرب کی حکومت نے عمرے کی غرض سے ملک میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر جمعرات کو بتایا ہے کہ عمرے اور مدینہ میں واقع مسجد نبوی کی زیارت کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی ہے ’تاکہ لوگوں کی حفاظت کی جا سکے۔‘

سعودی عرب میں حکام کے مطابق یہ فیصلہ عارضی ہے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر صحت کے اداروں کی سفارشات پر مبنی ہے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ کووِڈ 19 انفیکشن سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزے پر بھی سعودی عرب داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔

سعودی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ ایسے ممالک کا دورہ نہ کریں جہاں کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔

مسجد نبوی
مسجد نبوی

تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام عارضی ہیں اور ان پر متعلقہ اداروں کی طرف سے نظر ثانی کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام صحت کے اداروں کی سفارشات پر مبنی ہیں اور احتیاط برتنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

دوسری طرف حکام نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ فی الحال سعودی شہریوں کو ہمسایہ ممالک جانے یا ان سے واپس آنے کے لیے پاسپورٹ کی جگہ قومی شناختی کارڈ استعمال کرنے نہیں دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 اب تک 38 ممالک تک پھیل چکی ہے۔ کئی ابتدائی کیسز چین میں ووہان کے ایسے بازار سے جوڑے گئے جہاں جانوروں کا گوشت ملتا تھا۔

چین میں اب تک کورونا وائرس سے 78 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2700 ہلاک ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ہر روز کورونا وائرس کے نئے کیسز اب چین سے باہر بھی سامنے آ رہے ہیں۔