خوراک کم، وزن کم

burgerماہرین کا کہنا ہے کہ موٹاپے کی وبا کو کم کرنے کے لیے سُپر مارکٹوں میں دستیاب پکے پکائے یا ڈبہ بند پکوان کی مقدار کو بھی کم کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے 61 کیسوں کا مشاہدہ کیا جس سے وہ اس نتیجے پر پہنچے یا انھیں ’حتمی ثبوت‘ ملا کہ خوراک کی مقدار کا تعلق ہمارے نادانستہ کھانے سے ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی سے اس ٹیم نے مزید کہا کہ اگر لوگوں کو چھوٹی سائز کی پلیٹ، گلاس اور کٹلری دی جائے تو وہ کم کھاتے ہیں۔ ماہرین نے یہ بھی کہا لوگ کھانا بچانے سے ہچکچاتے ہیں۔ صحت کی پالیسی سے متعلق ’کوکرین ڈیٹا بیس آف سیسٹمٹک ریویوز‘ میں شائع ہونے والے ٹیم کے اعداد و شمار کے مطابق اگر لوگوں کو زیادہ خوراک دی جائے تو وہ زیادہ کھاتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ دہائیوں میں خوراک کی مقدار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ برطانیہ میں تین میں سے دو افراد کا وزن یا تو زیادہ ہے یا پھر وہ موٹے ہیں جس سے انھیں دل کی بیماری یا ٹائپ ٹو ذیابیطس اور کینسر کا خطرہ درپیش ہے۔ 6711 افراد پر کی گئی تحقیق کے نتائج میں ٹیم کو معلوم ہوا کہ ’زیادہ مقدار‘ کی خوراک کو کم کرنے سے لوگوں کی خوراک میں سے 279 کیلوریاں بھی کم ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ایسے اقدامات کرے جن سے خوراک کی مقدار چھوٹے پیکٹوں میں دی جائے تو لوگ اپنا وزن کم کر سکتے ہیں۔ صحت سے متعلق ’پبلک ہیلتھ انگلینڈ‘ کے غذائیت کے سربراہ ڈاکٹر ایلیسن ٹیڈ سٹون نے کہا: ’اس تحقیق سے یہ بات واضح ہے کہ خوراک کی مقدار کم کرنے سے کیلوریاں بھی کم ہوتی ہیں، اس لیے خوراک خریدنے سے پہلے اس بات پر غور کرنا چاہیے۔‘

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *