حمزہ علی عباسی نے گزشتہ سال نومبر میں ‘اداکاری سے کنارہ کشی’ کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد ان کے مداح یہ خبر سن کر کافی افسردہ ہوگئے تھے۔
تاہم اب حمزہ علی عباسی نے ایک مرتبہ پھر مداحوں کو یاد دلا دیا کہ انہوں نے اداکاری چھوڑی نہیں بلکہ صرف دوری اختیار کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مداح نے لکھا کہ ‘کاش حمزہ علی عباسی اداکاری نہ چھوڑتے’۔تحریر جاری ہے
جس کے جواب میں اداکار نے شکریہ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘جیسا کہ میں نے اپنی ویڈیو میں بتایا تھا کہ میں نے اداکاری نہیں چھوڑی کیوں کہ میں نے ایسا کہیں لکھا نہیں دیکھا کہ اسلام میں اداکاری حرام ہے’۔
اداکار نے مزید لکھا کہ ‘میں نے صرف ایک طویل بریک لیا ہے تاکہ میں اپنے دین کے لیے وقت نکال سکوں، امید ہے میں پروجیکٹس بنانے کے ساتھ ایسی پروجیکٹس میں اداکاری بھی کروں جو ان حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے گئے ہوں جو اللہ نے ہمارے لیے طے کیں’۔
یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی نے گزشتہ سال 12 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر ایک بیان کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ جلد ہی ایک اہم اعلان کریں گے جس کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے اعلان کیا کہ انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
حمزہ علی عباسی کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے کیریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا تھا، بعدازاں انہوں نے ‘مڈ ہاؤس اینڈ دی گولڈن ڈول’ نامی فیچر فلم بھی ڈائیریکٹ کی۔
وہ ‘وار’، ‘میں ہوں شاہد آفریدی’، ‘جوانی پھر نہیں آنی’ اور ‘پرواز ہے جنون’ جیسی فلموں میں بھی اداکاری کرچکے ہیں۔
حمزہ علی عباسی نے جلد ریلیز ہونے والی فلم ‘دی لیجنڈز آف مولا جٹ’ میں بھی اہم کردار نبھایا ہے۔
اداکار کا پہلا ڈراما ‘میرے درد کو جو زبان ملے’ 2012 میں سامنے آیا، اس کے بعد انہوں نے ‘پیارے افضل’ اور ‘من مائل’ جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کیا۔
ان کا ڈراما ‘الف’ اس وقت جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہورہا ہے۔