فیچرز

ایوانکا ٹرمپ کی فوٹو شاپ کی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

Share

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ دورہ انڈیا اگرچہ کئی دن پہلے اختتام پزیر ہو چکا ہے مگر انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین اب تک صدر ٹرمپ کی 39 سالہ بیٹی ایوانکا ٹرمپ کی تصاویر شیئر کرنے میں مصروف ہیں۔

تاہم یہ تصاویر وہ نہیں ہیں جو ایوانکا ٹرمپ نے اکیلے یا اپنی فیملی کے ہمراہ انڈیا میں بنوائی تھیں بلکہ یہ فوٹو شاپ کی گئی تصاویر ہیں۔

ہزاروں انڈین صارفین ان تصاویر کو فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کرنے میں مصروف ہیں۔

فوٹوشاپ کی گئی ان تصاویر میں ایوانکا ٹرمپ کو عام انڈین شہریوں کے ساتھ سائیکل اور گدھا گاڑی پر بیٹھے دکھایا گیا ہے یا بھینس کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ جبکہ بعض فوٹوشاپ کی گئی تصاویر میں وہ تاج محل کے سامنے فوٹوشاپ کرنے والوں کے ساتھ بیٹھی ہیں۔ ایک اور تصویر میں ایک نوجوان ان کے کندھے پر ہاتھ رکھے تاج محل کے سامنے بیٹھا ہے۔

بظاہر ایوانکا بھی اس صورتحال کو انجوائے کر رہی ہیں اور انھوں نے اپنی ترمیم شدہ تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے صارفین کو جواب بھی دیا ہے۔

یہ ترمیم شدہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ایوانکا نے لکھا کہ ‘میں انڈین عوام کی گرمجوشی کی داد دیتی ہوں۔ میں نے بہت سے نئے دوست بنائے ہیں۔’

انڈین اداکار دلیجیت دوسنجھ نے بھی ایسی ہی ایک ترمیم شدہ تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کرتے ہوئے لکھا ‘پیچھے ہی پڑ گئی تھی کہ تاج محل جانا ہے، تاج محل جانا ہے۔ میں پھر لے آیا اور کیا کرتا۔’

ایوانکا نے دلیجیت کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا ‘مجھے تاج محل لے جانے کا بہت شکریہ۔ میں اس تجربے کو کبھی بھول نہیں پاؤں گی۔’

چند سوشل میڈیا صارفین ایوانکا کو ان ترمیم شدہ تصاویر پر اپنا دل بُرا نہ کرنے کا مشورہ بھی دیتے رہے۔

ٹوئٹر صارف رادیکھا مینا نے لکھا کہ ‘اگرچہ کسی نے (یہ تصاویر) مضحکہ خیز انداز میں بنائی ہیں مگر پھر بھی آپ بہت خوبصورت لگ رہی ہیں، آپ کو بُرا محسوس نہیں کرنا چاہیے۔ انڈین معاشرہ آپ کو بہت پیار کرتا ہے۔’

سونل کمار یوگی نامی صارف نے فوٹو شاپ کی گئی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے ازراہ مذاق لکھا ’ایک لڑکی جس نے لاکھوں انڈین افراد کے دل جیتے۔ ایوانکا دوبارہ انڈیا واپس آئی ہیں۔‘

ایوانکا کو بھی بظاہر تاج محل کی خوبصورتی بہت بھائی ہے۔ گذشتہ چھ روز سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کی ٹاپ پوسٹ تاج محل کی ہی ہے جس پر انھوں نے لکھا ہے ’تاج محل کی شان و شوکت حیرت انگیز ہے!‘

ایوانکا صدر ٹرمپ کی مشیر برائے افرادی قوت کی ترقی اور کاروباری صلاحیت، نئی ملازمتوں کے مواقع اور معاشی بااختیاری بھی ہیں۔