صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی سے متعلق خفیہ معلومات پر سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جیسے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہوگئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کرنل مجیب الرحمٰن کا تعلق ضلع استور کے علاقے بنجی سے تھا اور انہوں نے سوگواران میں بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔
اس سے قبل 30 جنوری 2020 کو قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
دریں اثنا 5 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔
یکم دسمبر 2019 کو پاک-افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔
یاد رہے کہ 12 نومبر 2019 کو شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے کے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔
قبل ازیں 25 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں ہی شرپسندوں کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں تیل کی تلاش کرنے والی کمپنی کے 4 ملازمین جاں بحق جبکہ پیراملٹری فورس کے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ پاک فوج جہاں بیرونی دشمنوں سے ملک کو بچانے کے لیے سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے تو وہیں اس کے سیکڑوں جوان ملک کی حفاظت کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہو چکے ہیں۔