جمالیاتہفتہ بھر کی مقبول ترین

’گیم آف تھرونز‘ اداکار چل بسے

Share

شہرہ آفاق فنٹیسی ڈراما سیریز ’گیم آف تھرونز‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے یورپی ملک سویڈن کے معروف اداکار میکسن وون سیڈو 90 برس کی عمر میں چل بسے۔

اپنی زندگی کا نصف سے زیادہ حصہ شوبز کو دینے والے میکس وون سیڈو 1929 میں یورپی ملک سویڈن میں پیدا ہوئے اور محض 20 سال کی عمر میں انہوں نے اداکاری کی شروعات کی۔

زندگی کے 90 میں سے 50 سال شوبز اور فن کو دینے والے میکسن وون سیڈو نے اپنے طویل پر محیط کیریئر کے دوران محض 100 تک فلموں اور تقریبا تین درجن کے قریب ڈراموں میں کام کیا۔

انہوں نے اسٹیج اداکاری سمیت ویڈیو گیمز میں بھی کردار ادا کیے اور انہیں ان کی شاندار اداکاری کی وجہ سے متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا جب کہ وہ فلمی دنیا کے سب سے متعبر ’آسکر‘ ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوئے تھے تاہم وہ یہ ایوارڈ جیتنے میں ناکام ہوگئے۔تحریر جاری ہے‎

میکسن وون سیڈو گزشتہ کچھ سال سے ضعیف عمری کی وجہ سے صحت کے کچھ مسائل سے دوچار تھے اور انہوں نے عوامی تقریبات میں آنا جانا بھی کم کردیا تھا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ میکسن وون سیڈو 90 برس کی عمر میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر فرانس میں چل بسے اور ان کے اہل خانہ نے ان کے موت کی تصدیق کی۔

زائد العمری کے باعث میکسن وون سیڈو نے عوامی تقریبات میں جانا چھوڑ دیا تھا—فائل فوٹو: اے پی
زائد العمری کے باعث میکسن وون سیڈو نے عوامی تقریبات میں جانا چھوڑ دیا تھا

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میکسن وون سیڈو نے پرسکون حالت میں دنیا کو چھوڑا اور ان کی موت پر فلم و شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

میکسن وون سیڈو کی موت پر سویڈن کے حکومتی عہدیداروں سمیت یورپ کے سیاستدانوں و سماجی رہنماؤں نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ میکسن وون سیڈو نے ’اونلی اے مدر‘ نامی فلم سے 1949 میں کیریئر کا آغاز کیا اور ان کی آخری فلم ’کرسک‘ 2018 میں ریلیز ہوئی تھی، ان کی معروف فلموں میں ’مس جولی، دی سیونتھ اسٹیل، دی ورجن اسپرنگ، دی ویڈنگ ڈے، دی مسٹریس، شیم، دی ٹچ، دی سیکنڈ وکٹری، اے کس بفور ڈائنگ، انٹل دی اینڈ آف دی ورلڈ، ٹائم از منی، یروشلم، سلیپ لیس، دی انکوائری، اے مین اینڈ ہز ڈاگ اور اسٹار وارز: دی فورس اویکنس‘ شامل ہیں۔

میکسن وون سیڈو نے ’گیم آف تھرونز‘ ڈراما سیریز کی تین قسطوں میں کام کیا اور وہ پہلی بار 2016 میں اس شہرہ آفاق ڈرامے میں جلوہ گر ہوئے، اس ڈرامے میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔

میکسن وون سیڈو نے 2 شادیاں کیں اور انہیں 2 حقیقی بچے تھے جب کہ انہوں نے 2 بچوں کو گود بھی لیا تھا۔

میکسن وون نے دو شادیاں کی تھیں
میکسن وون نے دو شادیاں کی تھیں