جمالیات

اداکارہ ہوں، ’جسم فروش‘ نہیں، ہراساں کرنے والے کو مریم نفیس کا جواب

Share

’دیار دل’، ‘عشق بے نام’، ‘حیا کے دامن میں’ اور ‘کچھ نہ کہو‘ جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ مریم نفیس نے خود کو ہراساں کرنے والے شخص کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے پیغامات کے اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔

مریم نفیس نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر خود کو ہراساں کرنے والے شخص کی جانب سے واٹس ایپ پر بھجوائے گئے پیغامات کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

مریم نفیس نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ اداکارہ ہیں، جسم فروش نہیں‘۔

اداکارہ نے ملاقات کے عوض پیسوں کی پیش کش کرنے والے مرد کے پیغامات کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ کس طرح ایک شخص کے پیغامات انہیں ذہنی طور پر پریشان کر رہے ہیں۔تحریر جاری ہے‎

اداکارہ نے لکھا کہ انہیں نامناسب پیغامات کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا سامنا رہا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے لکھا کہ انہیں نامناسب پیغامات کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا سامنا رہا

مریم نفیس نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انجان شخص کی جانب سے ملاقات کے عوض پیسوں کی پیش کش کے پیغامات ان کی ذہنی صحت کو متاثر کر رہے ہیں اور وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایسے بیمار ذہنیت والے افراد کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ ان کا کام ہی یہی ہے‘۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے کوشش کی کہ وہ ایسے نامناسب پیغامات کے جوابات سے منہ موڑ لیں مگر ان کے پاس ان پیغامات کے اسکرین شاٹ شیئر کرنے کے علاوہ کوئی بھی راستہ نہیں تھا۔

اداکارہ نے کیپشن میں واضح کیا کہ وہ اداکارہ ہیں، کوئی جسم فروش نہیں۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ میں مذکوہ شخص کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات کو واضح طور پر پڑھا جا سکتا ہے۔

انگریزی میں بھیجے گئے پیغامات میں اگرچہ واضح طور پر کوئی غیر اخلاقی بات نہیں کی گئی تاہم پیغامات میں اداکارہ کو ملاقات کے عوض پیسوں کی پیش کش کی گئی تھی۔

پیغامات بھیجنے والے مرد نے اپنا تعارف کرانے سمیت اداکارہ کو بتایا کہ وہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور اگر وہ انہیں اپنے مینیجر کا نمبر فراہم کریں تو وہ ان سے معاملات طے کرنے کو تیار ہے۔

اسکرین شاٹ میں پڑھا جا سکتا ہے کہ پیغام بھیجنے والے شخص نے اداکارہ کو بتایا کہ وہ انہیں نہیں جانتیں مگر بطور اداکارہ وہ ان سے واقف ہیں اور ان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے شخص نے اداکارہ کو پیغام بھیجا کہ وہ ان کے ساتھ کچھ گھنٹے گزارنا چاہتا ہے اور وہ اس کے بدلے اداکارہ کو خطیر رقم بھی دینے کو تیار ہے۔

پیغام بھیجنے والے شخص نے اداکارہ کو بتایا کہ وہ ان سے کہیں بھی، کسی بھی جگہ یہاں تک کہ دوسرے ملک میں بھی ملاقات کرنے کو تیار ہے اور اس کے عوض وہ اداکارہ کو ڈھائی سے 3 لاکھ روپے تک کی رقم بھی فراہم کر سکتا ہے۔

پیغامات میں اگرچہ کوئی غیر اخلاقی بات یا مطالبہ نہیں کیا گیا تاہم انجان شخص سے ملاقات اور اس کے عوض پیسوں کی پیش کش پر اداکارہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ان پیغامات کو اپنی ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا اور پیغامات کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے پیش کش کرنے والے کو پیغام دیا کہ ’وہ اداکارہ ہیں، جسم فروش نہیں‘۔

اداکارہ کی جانب سے اسکرین شاٹ شیئر کیے جانے پر کئی افراد نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کیے اور انہیں پیغامات بھجوانے والے کے عمل کی مذمت کی اور ساتھ ہی کچھ افراد نے اداکارہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے پیغامات کو نظر انداز کردیا کریں، کیوں کہ بطور اداکارہ لوگ ان سے ملنے کی خواہش بھی رکھیں گے اور اس کے عوض وہ پیسوں کی پیش کش بھی کریں گے۔

اداکارہ نے پیغامات بھجوانے والے شخص پر واضح کیا کہ وہ صرف اداکارہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے پیغامات بھجوانے والے شخص پر واضح کیا کہ وہ صرف اداکارہ ہیں