لندن: 47 سالہ برطانوی اداکار ادریس البا نے نام لیے بغیر خیال ظاہر کیا ہے کہ شاید انہیں کورونا وائرس کا مرض کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو سے لگا ہے۔
پیر کے روز ہالی ووڈ اسٹار ادریس البا نے ٹوئٹر پر اطلاع دی تھی کہ ان کا سی او وی آئی ڈی-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ انہیں یہ بیماری کورونا وائرس میں مبتلا شخص کے ساتھ رابطے میں رہنے سے لگی تاہم انہوں نے اس شخص کا نام نہیں بتایا تھا۔
تاہم اب انہوں نے ایک اور ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ 4 مارچ کو انہوں نے لندن میں ایک چیریٹی ایونٹ ’’وی ڈے‘‘ میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے کینیڈین خاتون اول کے ساتھ تصویر بھی کھنچوائی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں ادریس البا نے صوفی ٹروڈو کا نام لیے بغیر کہا یہ کہنا مشکل ہے کہ مجھے یہ وائرس کب لگا لیکن مجھ پر اس وائرس کے بارے میں 4 مارچ کو انکشاف ہوا ہے۔
واضح رہے کہ صوفی ٹروڈو میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ اس وقت مثبت آیا تھا جب وہ لندن میں ایک تقریب سے لوٹی تھیں۔ صوفی میں کورونا کی تشخیص کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اہلیہ سمیت خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔