جمالیات

رنبیر اور دیپکا بریک اپ کے بعد پھر سے ساتھ؟

Share

رنبیر کپور اور دیپکا پادوکون کے مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ سنہ 2015 کی فلم تماشا کی یہ ہٹ جوڑی ایک بار پھر ساتھ نظر آنے والی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ہدایت کار لُوّ رنجن ایک ’لوّ سٹوری‘ بنا رہے ہیں جس کے لیے انھوں نے دیپکا اور رنبیر کا انتخاب کیا ہے۔

دپیکا اور رنبیر جو کسی زمانے میں ایک دوسرے کے بہت نزدیک ہوا کرتے تھے بریک اپ کے بعد اب اپنے اپنے ساتھیوں کے ساتھ خوش ہیں۔

دیپکا اب شادی شدہ ہیں جبکہ رنبیر آج کل عالیہ بھٹ کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔ عالیہ اور رنبیر پہلی بار بڑے پردے پر ایک ساتھ فلم برہماستر میں نظر آئیں گے۔

لیکن عالیہ اور رنبیر پہلے بھی ایک ساتھ کیمرے کے سامنے آ چکے ہیں۔ 15 برس قبل سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بالیکا ودھو‘ کے لیے دونوں نے فوٹو شوٹ کیا تھا جس میں عالیہ محض گیارہ برس کی تھیں۔

رنبیر کپور، عالیہ بھٹ
عالیہ اور رنبیر پہلے بھی ایک ساتھ کیمرے کے سامنے آ چکے ہیں۔ 15 برس قبل سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بالیکا ودھو‘ کے لیے دونوں نے فوٹو شوٹ کیا تھا

آج کل ان دونوں کا ایک پرانا ٹی وی انٹرویو سوشل میڈیا پر شیئر ہو رہا ہے جس میں عالیہ نے بتایا تھا کہ وہ فوٹو شوٹ کے دوران رنبیر کے کندھے پر سر رکھتے ہوئے گھبرا رہی تھیں۔ بعد میں سنجے نے یہ فلم بنانے کا ارادہ بدل دیا تھا۔

رنبیر کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے ہی عالیہ کے مداح رہے ہیں اور خاص طور پر ان کی فلم ’ہائی وے‘ دیکھنے کے بعد انھوں نے عالیہ کو امیتابھ بچن کا خطاب دیا تھا۔

لیکن یہ پتا نہیں رنبیر نے عالیہ کو امیتابھ بچن ان کے لمبے کریئر کے لیے کہا تھا یا اداکاری کے لیے۔

سلمان
سائی کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی سلمان کی بہت بڑی مداح رہی ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے کسی خواب سے کم نہیں

جہاں تک ہیرو اور ہیروئن کی عمر میں فرق کا تعلق ہے تو اس ہفتے مہیش منجریکر کی بیٹی سائی منجریکر نے اپنے بچپن کی ایک فوٹو شیئر کی ہے جس میں وہ سلمان خان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

سائی کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی سلمان کی بہت بڑی مداح رہی ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے کسی خواب سے کم نہیں۔ 20 برس کی سائی منجریکر اپنے 53 سالہ ہیرو کے ساتھ دبنگ تھری میں نظر آئیں گی۔

کارتک آرین جب سے انڈسٹری میں آئے ہیں ان کا نام کسی نے کسی کے ساتھ جڑتا رہتا ہے۔ پہلے سارہ علی خان تو اب عننیہ پانڈے جو فلم ’پتی پتنی اور وہ‘ میں کارتک کے ساتھ ’وہ‘ کا کردار نبھا رہی ہیں۔

کارتک
اس ہفتے عننیہ نے انسٹا گرام پر کارتک کی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں ایئر پورٹ پر کارتک نے عننیہ کا ہینڈ بیگ اٹھا رکھا ہے

اس ہفتے عننیہ نے انسٹا گرام پر کارتک کی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں ایئر پورٹ پر کارتک نے عننیہ کا ہینڈ بیگ اٹھا رکھا ہے۔ یہ دونوں آج کل اپنی فلم کے پروموشن میں مصروف ہیں۔

اب پتا نہیں کارتک واقعی ایک اچھے بوائے فرینڈ کا کردار نبھا رہے ہیں یا پھر یہ بھی فلم کی پروموشن کا ہی حصہ تھا۔