Site icon DUNYA PAKISTAN

کورونا وائرس: پنجاب میں 14 روز کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان

Share

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں 14 دن کے لیے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک 246 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر 21 مارچ کو پنجاب میں 2 روز کے لیے شاپنگ مالز، مارکیٹ اور بازار بند کیے گئے تھے، جس کی مدت کل صبح 9 بجے مکمل ہوجائے گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم میں میری اپیل پر جس طرح عوام نے تعاون کیا اس پر صوبے کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔تحریر جاری ہے‎

انہوں نے گھر میں رہنے کو کورونا وائرس سے بچاؤ کا بہترین طریقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے آپ اپنی و پوری برادری کی جان بچارہے ہیں۔

بات جو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پوری سول انتظامیہ اور پاک فوج عوام کی خدمت اور حفاظت کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس کڑے وقت میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا اور صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چند اہم فیصلے کیے گئے۔

فیصلوں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 24 مارچ کی صبح 9 بجے سے 6 اپریل صبح 9 بجے تک 14 روز کے لیے صوبے کے بازار، شاپنگ مالز، نجی و سرکاری ادارے، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، پارکس، سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عوام کے وسیع مفاد میں فیصلہ کیا ہے کہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی جائے گی، تاہم فیملی اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔

ساتھ ہی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل منڈیاں اور بیکریاں کھلی رہیں گی، اس کے ساتھ ساتھ ادویات بنانے اور فراہم کرنے والی فیکٹریاں کھلی رہیں گی۔

اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی کرفیو یا لاک ڈاؤن نہیں ہے۔

Exit mobile version