پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان کو اِس وقت کورونا وائرس کا شدید چیلنج درپیش ہے اور ہم اس سے نمٹنے کیلئے ہرکوشش اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ آج اکابرین کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، ایک آزاد وطن اور اس دو قومی نظریے کے لیے جس کی سچائی آج سب پر عیاں ہورہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج پھر ان اکابرین کے وارثوں کو نیا چیلنج درپیش ہے، ایسی قدرتی آفت جس نے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ترقی یافتہ ممالک بھی کورونا وائرس کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن کشمیری بہن بھائیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جو بدترین ریاستی دہشت گردی اور قدرتی آفت کے مقابلے میں بے یارو مددگار ہونے کے باوجود اپنے حق خود اردایت کے لیے مزاحمت کی مثال بنے ہوئے ہیں، مقبوضہ کشمیر کی عوام اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اِس وقت کورونا وائرس کا شدید چیلنج درپیش ہے، افواج پاکستان اپنی ذمہ داروں سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلے میں ہر کوشش اور تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز کورونا وائرس پر خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا، حکومت پاکستان نے افواج کو آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کرلیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا آرمی چیف نے دستیاب دستے، افواجِ پاکستان کے میڈیکل وسائل ضرورت کے مطابق تعینات کرنے کے احکامات دیے ہیں جب کہ ہر قسم کے اجتماعات، سنیما، شاپنگ مالز، شادی ہالز، سوئمنگ پولز اور غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء لانے والی گاڑیوں کو اجازت ہوگی، شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹس بند ہوگی اور تمام ائیرپورٹس پر بھی بین الاقومی پروازیں 4 اپریل تک بند رہیں گی، صوبائی حکومتوں کے بتائے گئے دنوں میں پٹرول پمپس اور منڈی کھلے رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اشیاء اور میڈیکل اسٹورز بھی کھلے رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق حفاظتی اقدامات کے طور پر تمام بارڈرز بند کردیے گئے ہیں لیکن اصل بارڈر انسان اور کورونا وائرس کے درمیان ہے جس پر قابوپانا ہے، نقل و حرکت کو محدود رکھنا ہی مؤثر بچاؤ ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فوج کرونا وائرس کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی منصوبہ بندی میں مددکرےگی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فوج کو تعینات کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس کی منظوری اب وزارت داخلہ نے دے دی ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 884 تک جاپہنچی ہے۔