کورونا وائرس: شمعون عباسی اور صنم سعید تھائی لینڈ میں کیا کررہے ہیں؟
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی وبا کے باعث کئی ممالک میں فلائٹ آپریشنز بھی معطل کردیے گئے جس کی وجہ سے پاکستان کی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی کاسٹ بھی تھائی لینڈ میں پھنس گئی۔
فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ اس وقت شروع ہوچکی تھی جب عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو عالمی وبا بھی قرار نہیں دیا تھا۔
فلم میں اہم کردار نبھانے والے شمعون عباس کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’فلم کی آدھی ٹیم رواں سال فروری کے آخر میں تھائی لینڈ پہنچ گئی تھی، اس وقت کورونا وائرس کا خطرہ کافی کم تھا‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ‘فلم کی کاسٹ میں حسن شہریار یٰسین، مانی، مصطفیٰ چوہدری، علی کاظمی اور صنم سعید شامل ہیں، البتہ سارہ لورین اور میں کچھ عرصہ بعد فلم کی کاسٹ کا حصہ بنے‘۔تحریر جاری ہے
شمعون عباسی کے مطابق ’جب ہم تھائی لینڈ پہنچ گئے تو اس کے بعد چیزیں مشکل ہونا شروع ہوئیں، پہلے یہ وائرس چین میں پھیلا، جس کے بعد اس نے مغربی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پھر یہ پاکستان میں بھی پھیل گیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ مانی، حسین شہریار، علی کاظمی اور مصطفیٰ چوہدری تو پاکستان واپس آگئے تاہم باقی کاسٹ کی فلائٹ 25 مارچ کی تھی، لیکن تب تک ایئرپورٹس بند کردیے گئے۔
اداکار کے مطابق اب وہ 4 اپریل کا انتظار کررہے ہیں تاکہ وہ پاکستان واپس جاسکیں۔
اداکارہ صنم سعید نے بھی ڈان سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ فلم کی باقی ٹیم کے ساتھ تھائی لینڈ میں محفوظ ہیں۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ ’ہم لوگ بینکاک سے 4 گھنٹے کی دوری پر ایک جنگل کے قریب ہیں لیکن یہ جگہ کافی محفوظ ہے‘۔
اداکار نے بتایا کہ فلم کی کاسٹ کے تھائی لینڈ میں موجود ہونے پر بھی انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ مداحوں نے سوال کیا کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے خاندان کو چھوڑ کر آخر تھائی لینڈ گئے ہی کیوں، اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’ہم بھی اپنے گھروں سے دور ہونے پر کافی پریشان ہیں اور اس بات کی اور پریشانی ہے کہ پاکستان میں بھی کورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے‘۔
خیال رہے کہ فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی ہدایات محب مرزا دے رہے ہیں اور اس کی ریلیز رواں سال متوقع ہے۔