Site icon DUNYA PAKISTAN

کورونا وائرس: نئے کیسز کے سامنے آنے سے متاثرین 1500 سے تجاوز کرگئے

Share

دنیا بھر کو اپنی دہشت سے خوف زدہ کرنے والے کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی تیزی سے پھلاؤ جاری ہے اور یہاں تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی ہے۔

26 فروری کو پہلے کیس سے اب تک ملک میں نا صرف 1526 کیس رپورٹ ہوئے بلکہ 12 افراد بھی اس وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرگئے۔

ملک کا پہلا کیس سندھ میں سامنے آنے کے بعد اسی صوبے کے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ تھی تاہم گزشتہ 2 روز میں پنجاب میں تیزی سے بڑھنے والے کیسز کے بعد اب وہاں سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔

اس عالمی وبا کے پاکستان میں کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی مختلف صوبوں اور علاقوں نے اقدامات اٹھاتے ہوئے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں لگادی تھی جبکہ لوگوں کی نقل و حمل کو محدود کردیا تھا۔تحریر جاری ہے‎

تاہم اس کے بعد بھی نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو بھی ملک میں نئے افراد اس وائرس کا شکار بنتے نظر آئے۔

پنجاب

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 13 کیسز سامنے آگئے۔

محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف نے بتایا کہ پنجاب میں مصدقہ کیسز کی تعداد 570 تک پہنچ چکی ہے۔

مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ اب تک صوبے میں 5 اموات ہوئی ہیں اور 5 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

متاثرہ افراد کے اعداد و شمار کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 اور ملتان سے 79 زائرین میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رائے ونڈ کے قرنطینہ میں 23 اور لاہور میں 119 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گجرات میں 52، گوجرانوالہ میں 11، جہلم میں 21 اور راولپنڈی میں 19 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ملتان میں 3، فیصل آباد میں 9، منڈی بہاالدین میں 4 کیسز سامنے آئے جبکہ باقی کیسز پنجاب کے دیگر حصوں سے ہیں۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان 4 نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 39 سے بڑھ کر 43 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی 9 نئے افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ان نئے کیسز کے سامنے آنے سے متاثرین 107 سے بڑھ کر 116 ہوگئے۔

مجموعی طور پر ملک کے کیسز پر نظر ڈالیں تو پنجاب میں سب سے زیادہ 557 افراد متاثر ہیں، اس کے بعد سندھ میں 469، خیبرپختونخوا میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان مین 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

اموات پر اگر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ لوگ بھی پنجاب میں جان سے گئے ہیں اور وہاں تعداد 5 ہے۔

اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 4 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں یہ تعداد ایک، ایک ہے۔

پاکستان میں 12 اموات

پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاک 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔

18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمو جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔

بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ ، بلوچستان میں نماز کے اجتماعات پر پابندی

20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔

22 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہی ایک اور مریض کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو کچھ ہی دیر بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اسی عالمی وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔

اگلے ہی دن یعنی 23 مارچ کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔

جہاں ایک طرف متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آرہا تھا وہیں 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔

پنجاب میں ہونے والی یہ موت ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیس سے پہلا انتقال تھا۔

علاوہ ازیں 25 مارچ کو بھی ملک میں ایک اور موت کی تصدیق ہوئی اور راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون دم توڑ گئیں۔

26 مارچ کو لاہور کے نجی ہسپتال میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اور ملک میں مجموعی طور پر 9 اموات ہوگئیں۔

27 مارچ کو لاہور میں ایک اور مریض کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئی۔

اسی روز فیصل آباد میں بھی 22 سالہ نوجوان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں 5 اور ملک بھر میں اس وبا سے اموات 11 ہوگئیں۔

28 مارچ کو صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے ایک خاتون کی موت کی تصدیق کی جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔

پاکستان میں کورونا کیسز پر ایک نظر

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی ‘غلط فہمی’ کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

Exit mobile version