#pinkmoon: سپر مون میں ’سپر‘ کیا ہے اور دنیا بھر میں وہ کیسا نظر آیا
رواں ہفتے 2020 کا سب سے بڑا اور روشن ترین مکمل چاند دیکھا گیا ہے۔
سپر پنک مون کا بہترین نظارہ منگل 7 اپریل سے بدھ 8 اپریل کے درمیان ممکن تھا لیکن اس کا انحصار موسمی حالات اور آپ دنیا میں جہاں رہتے ہیں، اس پر تھا۔
اگرچہ اسے ‘سپر پنک مون’ پکارا جاتا ہے لیکن حقیقت میں یہ گلابی نہیں نظر آتا۔
آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس چاند کا یہ نام کیسے رکھا گیا؟ اور اس سُپر مون میں ایسا کیا سُپر تھا؟
اپریل کے سُپر مون میں ‘سُپر’ اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ یہ آسمان میں بڑا نظر آیا۔جب چاند زمین کے قریبی نقطہ پر (یا 90 فیصد کے اندر) ہوتا ہے تو یہ ‘سپر مون’ کہلاتا ہے۔
دوسرے الفاظ میں، چاند ایک کامل دائرے میں زمین کا چکر نہیں لگاتا۔ کبھی یہ قریب ہوتا ہے، کبھی تھوڑا اور کبھی دور۔
جب یہ اپنے قریب ترین مقام پر ہوتا ہے تو اس کو پیریجی (زمین کے قریب ترین بیضوی دائرے کا پوائنٹ) کہا جاتا ہے اور ایک سپرمون اس وقت ہوتا ہے جب پیریجی چاند بھی مکمل چاند ہوتا ہے۔
اپریل کا سپرمون، زمین سے اوسطً فاصلے 384400 کلومیٹر کے مقابلے میں، تقریباً 357000 کلومیٹر دور تھا۔
کیا سُپر پنک مون واقعی گلابی ہو گا؟
ہمیں افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ایسا نہیں ہوتا۔ مقامی امریکی قبائل سمیت بہت ساری ثقافتوں میں لوگوں نے وقت کا حساب رکھنے کے لیے ہر مکمل چاند کو نام دے رکھے تھے۔
اگرچہ اپریل کا مکمل چاند پنک مون کے نام سے جانا جاتا ہے لیکن کبھی بھی اس کے گلابی نظر آنے کی کوئی خاص امید نہ رکھیں۔
اس چاند کا نام گلابی پھولوں کے نام پر رکھا گیا ہے جنھیں ’وائلڈ گراؤنڈ فلوکس‘ کہا جاتا ہے۔ موسمِ بہار کے آغاز میں کھلنے والے یہ پھول امریکہ اور کینیڈا میں ہر جگہ نظر آتے ہیں۔
دنیا کے دیگر علاقوں میں اس چاند کو ’سپرنگ گراس مون‘، ’ایگ مون‘ اور ’فش مون‘ بھی کہا جاتا ہے۔
آپ سُپر پنک مون کیسے دیکھ سکتے تھے؟
اس چاند کو دیکھنے کے بہترین وقت کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ دنیا میں کہاں رہتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ماہرین کی تجاویز کے مطابق، آسٹریلیا اور ایشیا کے بہت سارے علاقوں میں بدھ 8 اپریل کو آپ اس سُپر پنک مون کا بہترین نظارہ تھا۔
لیکن شمالی امریکہ اور یورپ کے ساتھ ساتھ جنوبی امریکہ اور افریقہ کے لوگوں کے لیے بھی منگل 7 اپریل کی شام بہترین وقت تھا۔
اس سے قطع نظر کہ آپ دنیا میں کہیں بھی ہوں، ان تاریخوں کے آس پاس کے دنوں میں بھی آپ اس چاند کے حیرت انگیز نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
آئندہ بھی سپر مون دیکھنے کے لیے آپ کو اپنے مقامی طلوع آفتاب اور چاند کے اوقات کا جائزہ لینا چاہیے اور دنیا کے جس حصے میں آپ ہیں وہاں چاند کے آسمان کی جانب سفر کی سمت کا تعین کریں۔
عام طور پر ماہرین فلکیات رات کے اوقات میں آسمان دیکھنے کے لیے باہر جانے کی تجویز کرتے ہیں۔ لہٰذا اپنے گھر کی چھت سے آپ کو سپر پنک مون کا نظارہ ممکن ہونا چاہیے، جب تک کہ آپ کا نظارہ بلند عمارتوں وغیرہ سے مسدود نہیں ہو جاتا اور آپ درست سمت والی کھڑکی کے سامنے موجود ہیں۔
اس وقت کورونا وائرس کے باعث دنیا کے بہت سے حصوں میں لوگ الگ تھلگ رہ رہے ہیں اس لیے مقامی قواعد پر عمل کیا جانا چاہیے۔
اس مہینے کے چاند میں خاص بات کیا ہے؟
متاثر کن شکل کے علاوہ، اپریل کا مکمل چاند دنیا بھر کے لوگوں کے اہم مذہبی تہواروں اور تعطیلات کے موقعے پر ظاہر ہوا تھا۔
ایسٹر کی تاریخ پورے چاند کے بعد پہلا اتوار ہے جو بہار کے وسطی خطوط (جب دن کی روشنی کی لمبائی عملی طور پر رات کے وقت کی لمبائی کی طرح ہوتی ہے) کی پیروی کرتی ہے۔ اس سال ایسٹر 12 اپریل کو منایا جا رہا ہے۔
انڈیا میں رہنے والے ہندو خدا ہنومان کی پیدائش کا تہوار مناتے ہیں۔ اس سال یہودیوں کے تہوار پاس اوور کا آغاز بھی اپریل کے مکمل چاند کے ساتھ ہو رہا ہے۔