صحت

#WorldHealthDay: صحت کے عالمی دن پر دنیا کا ڈاکٹرز، نرسز اور دائیوں کو خراج تحسین

Share

کورونا وائرس کی وبا پھیلنے سے پہلے ہم میں سے اکثر لوگ شاید اس بات سے آشنا ہی نہیں تھے کہ دنیا میں صحت کا بھی کوئی دن منایا جاتا ہے۔

اتفاق سے اس سال صحت کا عالمی دن کورونا کی وبا کے عین درمیان آیا تو سوشل میڈیا پر صارفین کا اس پر بات کرنا اور اس سال کے موضوع ’سپورٹ نرسز اینڈ مڈ وائفس‘ (یعنی نرسوں اور دائیوں کی حمایت) کی تلقین کرنا یقیناً اس بات کا پتہ دیتا ہے کہ وقت مشکل سہی، لیکن لوگوں میں صحت و صفائی، تندرستی، صحت مند طرز زندگی اور صحت کے شبے میں کام کرنے والے افراد کی قدر کرنے کا شعور ضرور پیدا ہوا ہے۔

اگر ٹوئٹر پر نظر ڈالیں تو عالمی ادارہ صحت کے سرکاری اکاؤنٹ پر ایسی نرسز اور مڈ وائفس اپنی کہانیاں بیان کرتی نظر آ رہی ہیں جو کورونا وائرس کی اس وبا کا مقابلہ کرنے میں ہراول دستے کا کردار نبھا رہے ہیں اور اس وقت ’نرسز کورونا کی اس جنگ میں اصل ہیروز ہیں جو فرنٹ لائن پر لڑتے ہیں‘ اور ’میں نے شہر میں سناٹا ہوتے ہوئے دیکھا، جنرل وارڈز دیکھتے ہی دیکھتے کووڈ وارڈز میں تبدیل ہو گئے‘ جیسے جملے شیئر ہو رہے ہیں۔

ویڈیوز میں نرسز اور مڈ وائفس کی امید اور حوصلے کی کہانیاں ملتی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی #WorldHealthDay ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

ایک صارف نے صحت کے عالمی دن پر صحت کے شبے سے جڑے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہویے لکھا: ’صحت کے عالمی دن پر ہم سب مل کر اپنے ڈاکڑز، نرسز اور ہیلتھ ورکرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو پاکستان اور دنیا بھر میں کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کی بے لوث خدمات اور اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر مریضوں کو صحت یاب کرنے کے لیے کی جانے والی ان کی کوششیں در حقیقت انسانیت کی خدمت ہے۔‘

ٹویٹ

پاکستان میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل پر توجہ دلاتے ہوئے ایک اور صارف نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ملک میں معیاری نرسنگ سکولز اور پوسٹ گریجویٹ سہولیات والے اداروں کے قیام کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ لوگوں میں اس بات کا شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ اس شعبے میں آنا کیوں ضروری ہے۔ یہ لوگ ملک کی بہتر صحت کے ضامن ہوتے ہیں۔

لیکن جہاں ایک طرف صحت کے شبے سے تعلق رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے تو وہیں ایک صارف نے کوئٹہ میں ہونے والے ڈاکٹروں کے احتجاج اور اس پر پولیس کی جانب سے کیے جانے والے تشدد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹروں کے ساتھ ایسا سلوک ہوتا ہے۔

ٹویٹ

دنیا کے مختلف رہنماؤں نے بھی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے اپنے پیغامات دیے۔

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ٹویٹ میں عوام کی بہتر صحت کی لیے دعا کی اور ڈاکڑز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف اور ہیلتھ کئیر ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔