Site icon DUNYA PAKISTAN

کورونا وائرس: سندھ میں متاثرین 1000 سے متجاوز، ملک میں اموات 60 ہوگئیں

Share

کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں لاکھوں لوگ متاثر اور ہزاروں ہلاک ہوچکے ہیں وہیں پاکستان میں بھی یہ وائرس اب تک 4 ہزار 190 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 60 افراد وفات بھی پاچکے ہیں۔

ملک میں رواں ماہ کے آغاز سے کورونا وائرس کے کیسز میں دوگنا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ جس تیزی سے متاثرین کی شرح بڑھ رہی اسی طرح اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

8 اپریل کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز آنے کا سلسلہ جاری ہے اور سندھ اور خیبرپختونخوا سے کیسز اور اموات کی تصدیق کیگئی۔

سندھ

صوبہ سندھ میں بدھ کو 50 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق کی گئی‎

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ 8 اپریل کی صبح 8 بجے تک سندھ میں 10 ہزار 981 ٹیسٹ کیے جاچکے جس میں ایک ہزار 36 افراد کے نتائج مثبت آئے جبکہ 280 افراد صحتیاب ہوئے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 986 تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں 20 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔

پنجاب

دوسری جانب صوبہ پنجاب میں دوپہر تک مزید 78 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان قیصر آصف نے کہا کہ ان نئے 78 کیسز کے بعد مصدقہ افراد کی تعداد 2108 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زائرین مرکز سے 695، رائے ونڈ سے منسلک 744 افراد، 58 قیدیوں اور 744 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

خیبرپختونخوا

وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور خان جھگڑا نے صوبے میں مزید 57 نئے کیسز کے بارے میں بتایا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے 24 گھنٹوں سے متعلق معلومات فراہم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے 27 کیسز آئے اور اس سے تعداد 527 تک پہنچ گئی۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ان کیسز کے علاوہ صوبے میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی جس کے بعد وہاں تعداد 18 تک جا پہنچی۔

تاہم وزیر صحت کے پی کے نے بتایا کہ صوبے میں 70 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

اگر ان کیسز کے بعد ملک میں صوبوں اور علاقوں کے کیسز پر نظر ڈالیں تو پنجاب میں 2108 کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں جو ملک کے کیسز کی مجموعی تعداد کا تقریباً نصف حصہ ہے۔

اس کے بعد سندھ کے کیسز کی تعداد ہے جو 986 تک پہنچ چکی ہے جبکہ تیسرے نمبر پر خیبرپختونخوا ہے جہاں 527 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

بلوچستان میں اب تک 206 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 211 تک پہنچ چکی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 83 متاثرین ہے جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 19 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

اسی طرح اب تک اموات میں سندھ سب سے آگے ہے جس کے بعد خیبرپختونخوا موجود ہیں۔

تاہم جہاں ہزاروں مریض اور درجنوں اموات ہوچکی ہیں وہیں سیکڑوں افراد ایسے بھی ہیں جو اس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔

اگر ان اعداد و شمار کو دیکھیں تو 26 فروری سے اب تک 467افراد اس وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں اموات

پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔

18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔

بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔

20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔

22 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہی ایک اور مریض کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو کچھ ہی دیر بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اسی عالمی وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔

اگلے ہی دن یعنی 23 مارچ کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔

جہاں ایک طرف متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آرہا تھا وہیں 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔

پنجاب میں ہونے والی یہ موت ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیس سے پہلا انتقال تھا۔

علاوہ ازیں 25 مارچ کو بھی ملک میں ایک اور موت کی تصدیق ہوئی اور راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون دم توڑ گئیں۔

26 مارچ کو لاہور کے نجی ہسپتال میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اور ملک میں مجموعی طور پر 9 اموات ہوگئیں۔

27 مارچ کو لاہور میں ایک اور مریض کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئی۔

اسی روز فیصل آباد میں بھی 22 سالہ نوجوان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں 5 اور ملک بھر میں اس وبا سے اموات 11 ہوگئیں۔

28 مارچ کو صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے ایک خاتون کی موت کی تصدیق کی جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔

29 مارچ کو ملک میں 5 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی، وزیرصحت سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ 2 افراد کے انتقال کی تصدیق کی، دوسری طرف خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کے عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔

علاوہ ازیں پنجاب میں بھی ایک اور موت ہوئی جو اس روز کی چوتھی جبکہ مجموعی طور پر پنجاب کی چھٹی ہلاکت تھی، بعد ازاں گلگت بلتستان سے بھی ایک اور فرد کی موت کی تصدیق ہوئی جو اس روز کی پانچویں موت تھی، اس بارے میں بتای گیا کہ ایک میڈیکل اسٹافر کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگیا۔

30 مارچ اب تک ملک کی تاریخ میں اموات کے حساب سے سب سے برا دن ثابت ہوا اور ایک روز میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ماہ مارچ کے آخری روز بھی 2 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے اور اموات کی تعداد 26 تک پہنچ گئی۔

یکم اپریل کو بھی ملک میں 5 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس سے یہ تعداد 31 ہوگئی۔

اگلے ہی روز یعنی 2 اپریل کو سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک موت کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد 34 تک جا پہنچی۔

3 اپریل کو بھی ابھی تک گلگت بلتستان میں ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی جس کے بعد سندھ میں 3، خیبرپختونخوا میں 2 موت کی تصدیق ہوئی اور اموات 40 ہوگئیں۔

4 اپریل کو ملک میں مزید 4 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔

5 اپریل کو سندھ میں مزید ایک شخص وائرس کا شکار ہو کر چل بسا جس کے بعد سندھ میں مجموعی اموات 15 ہوئیں بعدازاں خیبر پختونخوا حکام نے مزید اموات کی تصدیق کی جس سے خیبرپختونخوا میں ہلاکتوں کی تعداد 16 اور ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 47 ہوگئی۔

6 اپریل کو پنجاب میں 3 اور سندھ میں 2 اور اسلام آباد میں پہلی موت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔

7 اپریل کو سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب میں ایک ایک اموات ریکارڈ کی گئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 57 ہوگئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی ‘غلط فہمی’ کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

Exit mobile version