جمالیات

طاہر شاہ کا نیا گانا ’فرشتہ‘ ریلیز، چند ہی منٹوں میں سوشل میڈیا پر ’دھوم‘ مچا دی

Share

پاکستانی گلوکار طاہر شاہ کا نیا گانا ’فرشتہ‘ ریلیز کیا ہوا چند ہی منٹوں بعد یہ سوشل میڈیا پر ’دھوم‘ مچانے لگا اور پاکستان میں ہیش ٹیگ طاہر شاہ اور فرشتہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

اپنا نیا گانا ریلیز ہونے کی ’خوشخبری‘ بھی طاہر شاہ نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے دی۔ جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دھرا دھر اس گانے پر اپنا ردعمل دینا شروع کر دیا۔

اس سے قبل بھی طاہر شاہ اپنے گانے ’آئی ٹو آئی‘ اور ’اینجل‘ سے کافی مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔

طاہر شاہ کے نئے گانے ’فرشتہ‘ کی ویڈیو اینیمیٹڈ ہے اور خود طاہر شاہ 5 منٹ 44 سیکنڈ دورانیے کے اس گانے میں کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہے۔

کچھ صارفین نے طاہر شاہ سے ان کی غیر موجودگی کا شکوہ بھی کیا ہے۔ سرحد پار موجود ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ کیا فائدہ اگر طاہر شاہ کے گانے کی ویڈیو میں طاہر شاہ ہی نظر نہ آئیں۔

ٹوئٹر

اس گانے پر ردعمل دیتے ہوئے کچھ سوشل میڈیا صارفین نے طاہر شاہ سے شکوہ کیا کہ ان کا نیا گانا فرشتہ دراصل ان کے پرانے گانے ’اینجل‘ کا اردو ترجمہ ہے۔

ڈاکٹر فرحان ورک نے لکھا: ’بندہ چار سال دن رات ایک شخص کے گانے کا انتظار کرے اور وہ بندہ اپنے چار سال پرانے انگریزی گانے کا اردو ترجمہ کردے۔ ساتھ سستے کارٹون لگا دے۔ دل ٹوٹ گیا ہے میرا۔ مجھ سے کوئی بات نا کرو‘

کھوجی نامی ایک صارف نے لکھا: ’طاہر شاہ نے ایک بار پھر اپنے سریلے گانے سے میوزک انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا۔‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ طاہر شاہ کے گانے کو دیکھ کر ایسا لگا کہ یہ کوئی اینیمیٹڈ ڈزنی فلم ہے۔

صحافی مہوش فخر نے لکھا: ’ذرا سوچیے آپ قرنطینہ میں ہوں اور آپ کی میوزک لائبریری میں صرف طاہر شاہ کا میوزک ہی دستیاب ہو۔‘

ماہر قانون ریما عمر نے طاہر شاہ کے نئے گانے پر درعمل دینے کے لیے صرف ایموجیز کا سہارا لیا۔

صارف احمر نقوی نے طاہر شاہ کے گانے پر شاعرانہ انداز میں ردعمل دیا اور میر تقی میر کا ایک شعر لکھا۔