ون پلس نے اپنے 2 نئے اسمارٹ فونز متعارف کرادیئے ہیں، جو دیکھنے میں ایک جیسے ہیں تاہم فیچرز میں کچھ فرق ہے۔
ون پلس 8 اور ون پلس 8 پرو اسمارٹ فونز اس چینی کمپنی نے پیش کیا جس کی ڈیوائسز کو آئی فون کِلر بھی قرار دیا جاتا ہے۔
ون پلس میں 6.55 انچ امولیڈ اسکرین 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دی گئی ہے جبکہ 8 پرو میں 6.78 انچ امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جس میں اداپٹو ڈسپلے (اسکرین کلر ٹون میں تبدیلیاں)، موشن گرافک اسموتھنگ کے اضافی فیچرز بھی دیئے گئے ہیں۔
دونوں فونز میں سن لائٹ موڈ بھی دیا گیا ہے جو سورج کی روشنی میں بھی برائٹ نس برقرار رکھتا ہے جبکہ اسکرین کے لیے ایچ ڈی آر 10 اور ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ بھی دی گئی ہے۔
دونوں فونز میں اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 5 جی سپورٹ موجود ہے، جبکہ دونوں میں 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز بھی دیئے گئے ہیں۔
ون پلس 8 میں 4300 ایم اے ایچ بیٹری 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے تاہم وائرلیس چارجنگ کا فیچر موجود نہیں، اس کے مقابلے میں 8 پرو میں 4150 ایم اے ایچ بیٹری 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے جبکہ 20 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ بھی موجود ہے، درحقیقت اس کمپنی نے پہلی بار کسی فون میں وائرلیس چارجنگ کا فیچر دیا ہے۔
دونوں فونز کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔
ون پلس 8 میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس میں 2 ایکس زوم، آپٹیکل اور الیکٹرونک امیج اسٹیبلائزیشن دیا گیا، جبکہ 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے بھی دیئے گئے ہیں۔
ون پلس 8 پرو میں 48 میگا پکسل مین کیمرا دیا گیا ہے جبکہ 8 میگا پکسل زوم کیمرا 3 ایکس ہائبرڈ زوم اور 30 ایکس ڈیجیٹل زوم کے ساتھ ہے، اس میں الٹرا وائیڈ کیمرا 48 میگا پکسل ہے۔
دونوں فونز میں 16، 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہےاور پہلی بار پنچ ہول ڈیزائن میں یہ کیمرا دیا گیا ہے۔
یہ فونز اگلے ہفتے سے مختلف ممالک میں کمپنی کے آن لائن اسٹور میں دستیاب ہوں گے اور ون پلس 8 کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 699 ڈالرز (ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 799 ڈالرز (ایک لاکھ 33 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
ون پلس 8 پرو کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 899 ڈالرز (ایک لاکھ 49 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 999 ڈالرز (ایک لاکھ 66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔