پاکستان سے سیریز کے پوائنٹس تقسیم، بھارت نے 2021 ویمن ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا
پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کے پوائنٹس دونوں ٹیموں میں یکساں تقسیم ہونے کے بعد بھارت نے 2021 کے ویمن ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ کا حصہ تھی لیکن بھارت نے یہ کہہ کر سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا کہ پاکستان سے کشیدہ تعلقات کے سبب انہیں اپنی حکومت سے پاکستان کی میزبانی کرنے کی اجازت نہیں ملی۔
آئی سی سی نے اس معاملے کو غیرمعمولی حالات تصور کرتے ہوئے دونوں ٹیموں میں سیریز کے پوائنٹس یکساں تقسیم کر دیے تھے جس پر پاکستان نے انتہائی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا تھا کیونکہ سیریز بھارت کی جانب سے منسوخ کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ کورونا وائرس کی وجہ سے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا جبکہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان بھی سیریز نہیں ہو سکیں اور ان کے پوائنٹس بھی ٹیموں میں یکساں تقسیم کر دیے گئے۔تحریر جاری ہے
آئی سی سی کے فیصلے کے بعد بھارت نے 2021 ویمن ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں وہ 23 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
اس کے علاوہ 37 پوائنٹس کی حامل آسٹریلیا، 29 پوائنٹس کی حامل انگلینڈ اور 25 پوائنٹس کی حامل جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ میزبان نیوزی لینڈ بھی براہ راست کوالیفائی کر چکا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان مستقل کشیدہ تعلقات کے سبب دونوں روایتی حریفوں کے درمیان 13-2012 کے بعد سے کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی اور دونوں ٹیمیں اب صرف آئی سی سی ورلڈ کپ مقابلوں یا دیگر ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں۔