سائنس

گوگل کی پاکستانی طالبعلموں کے لیے ٹیچ فرام ہوم ہب کی سہولت

Share

دنیا بھر میں متعدد تعلیمی ادارے نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی وجہ سے بند ہیں اور ابھی معلوم نہیں کہ وہ دوبارہ کب تک کھل سکیں گے۔

اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں طالبعلموں کی بڑی تعداد تعلیمی اداروں میں نہیں جاسکتی، پاکستان میں بھی یہی صورتحال ہے اور بیشتر اداروں کو پہلی بار ایسے حالات کا سامنا ہوا ہے۔

اس مقصد کے لیے گوگل نے پاکستان کے لیے ٹیچ فرام ہوم کے نام سے تدریس کا ذریعہ تیار کیا ہے جو گوگل فار ایجوکیشن (Google for Education) پر دستیاب معلومات، مشوروں، تربیت اور ٹولز پر مشتمل ہے تاکہ اساتذہ کو اُن کی تعلیمی سرگرمیوں میں آن لائن مدد فراہم کی جا سکے۔

یہ ٹولز درج ذیل ہیں:‎

آغاز کیسے کیا جائے، اس پر تربیتی مواد۔

ویڈیو کال کی سہولت کے ساتھ یا اس کے بغیر سبق پڑھانے کے بہترین طریقے۔

کمیونٹی تشکیل دینے اور اسے مشغول رکھنے کے بارے میں مشورے ، اور اسٹیپ –بائے-اسٹیپ ٹیچ فرام ہوم ٹول کٹ جسے ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔

اِسی کے ساتھ اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے گوگل میٹ (Google Meet) ویڈیو کانفرنس کے پریمیم فیچرز کو 30 ستمبر، 2020ء تک مفت استعمال کر سکتے ہیں۔ اِن فیچرز میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ 250 افراد کے ساتھ ایک ہی کال میں رابطہ کیا جا سکتا ہے ، اسباق کو ریکارڈ کیا جا سکتا ہے اور لائیو اسٹریم بھی کیا جا سکتا ہے۔

گوگل کا جی سوئیٹ فار ایجوکیشن (G Suite for Education) بھی اہلیت رکھنے والے تعلیمی اداروں کے لیے مفت ہے۔ ایسے تعلیمی ادارے جنہوں نے اب تک سائن اپ نہیں کیا ہے، اس لِنک پر جا کر سائن اپ کر سکتے ہیں جہاں تعلیمی ادارے کا اکاؤنٹ بنانے اور ڈومین تخلیق کرنے کے لیے گائیڈ بھی موجود ہے۔

گوگل نے ٹیچ فرام ہوم ہب یونیسکو انسٹی ٹیوٹ فار انفارمیشن ٹیکنالوجیز ان ایجوکیشن کے تعاون سے تیار کیا ہے جو وباء سے پیدا ہونے والی اس صورت حال میں دیگر تعلیمی پارٹنرز کے ساتھ بھی کام کر رہا ہے۔

فی الوقت، ٹیچ فرام ہوم انگریزی زبان میں دستیاب ہے جب کہ ٹول کٹس 18 زبانوں میں دستیاب ہیں اور ان ٹول کٹس کو ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ جلد ہی مزید زبانوں کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔ دنیا بھر میں کہیں سے بھی تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں کے لیے مزید دستیاب وسائل کے بارے میں جاننے کی غرض سے Grow with Google سائٹ برائے پاکستان کا وزٹ کیجیے۔