جمالیات

’آئیسولیشن‘ صبا قمر کے یوٹیوب چینل کی پہلی قسط سامنے آگئی

Share

پاکستان کی نامور اداکار صبا قمر نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرنے جارہی ہیں اور اب انہوں نے اپنے چینل پر پہلی قسط ’آئیسولیشن‘ بھی ریلیز کردی۔

اداکارہ نے جب اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرنے جارہی ہیں تو انہوں نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ اس چینل پر وہ اپنی روز مرہ کی زندگی کے حوالے سے کچھ شیئر نہیں کریں گی بلکہ وہ اپنے ٹیلنٹ کو مزید بہتر کریں گی اور نئے ٹیلنٹ کو اپنے چینل کے ذریعے سامنے آنے کا موقع دیں گی۔

خیال رہے کہ جہاں کئی اداکار یوٹیوب پر اپنے چینل لانچ کرنے کے بعد مداحوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیتے ہیں وہیں صبا قمر نے اس چینل کے ساتھ کچھ الگ اور نیا کرنے کی کوشش کی ہے۔

حال ہی میں اداکارہ نے اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ایک ٹیزر بھی جاری کیا تھا جس سے شائقین کو اندازہ ہوا تھا کہ اداکارہ کے چینل پر انہیں کیا کچھ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔‎

اس وقت صبا قمر نے بتایا تھا کہ وہ خود ایک سیریز بنارہی ہیں، جسے پروڈیوس کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے تحریر بھی کیا۔

اور اب اداکارہ نے پہلی قسط بھی ریلیز کردی، جس کا نام حالات حاضرہ کو دیکھتے ہوئے ’آئیسولیشن‘ (تنہائی) رکھا گیا۔

اس قسط کا آغاز صبا قمر کی معمول کی زندگی سے ہوتا، جس کے بعد لاک ڈاؤن کے باعث اکیلے پن کو دکھایا گیا۔

اس قسط کی ہدایت کار شیراز ملک ہیں، جبکہ مسعود ملک ڈایئریکٹر آف فوٹوگرافی ہیں۔

صبا قمر کا کہنا تھا کہ ’یہ سبق ہے ہم سب کے لیے، صدقہ ہے تمہارے اور میرے جیسے ناچیز کے لیے، جب یہ طوفان تھم جائے گا، جب اپنے اپنوں سے مل جائیں گے، بس کسی طرح یہ وقت گزر جائے پھر کوئی غم نہیں ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کسی سے بات کرنے کا وقت نہیں تھا اور اب ترستے ہیں کہ کوئی ہو جس سے بات کی جاسکے۔

صبا قمر کی اس پہلی قسط کو اب تک 72 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

ان کے یوٹیوب چینل کو اب تک 10 ہزار 400 افراد سبسکرائب کرچکے ہیں۔

اداکارہ نے اس حوالے سے اب تک کچھ نہیں بتایا کہ ان کے چینل کی دوسری قسط کب سامنے آئے گی البتہ امید ہے کہ وہ جلد ہی دوسری قسط بھی ریلیز کردیں۔