ہیڈلائن

پاکستان میں مزید 341 کیسز سے متاثرین کی تعداد 13669 ہوگئی،3 ہزار سے زائد صحتیاب

Share

دنیا بھر میں تقریباً 30 لاکھ لوگوں کو متاثر اور 2 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس وائرس سے اب تک 13 ہزار 669 متاثر جبکہ 283 اموات ہوچکی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کو 2 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے تاہم اب بھی اس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور آئے روز سیکڑوں افراد اس وائرس سے متاثر جبکہ متعدد انتقال کرچکے ہیں۔

اگر پاکستان میں کورونا وائرس کے ان 2 ماہ کا موازنہ کریں تو 26 فروروی سے 26 مارچ تک پاکستان میں کورونا وائرس کے تقریباً 1200 کیسز اور 9 اموات تھیں۔

تاہم اس کے بعد 26 اپریل تک دوسرے ماہ کے دوران 12 ہزار سے زائد کیسز اور 269 افراد انتقال کرگئے، جو ملک میں اس عالبی وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کو ظاہر کرتے ہیں‎

یہی نہیں بلکہ ملک میں اگلے ماہ یعنی مئی میں وائرس کے کیسز بلندی پر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور اسی سلسلے میں جزوی لاک ڈاؤن میں بھی 9 مئی تک کی توسیع کی گئی ہے۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر حکومت نے مخلتف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا تاکہ وائرس کی مقامی منتقلی کو روکا جاسکے۔

تاہم اس وقت ملک میں موجود کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں تقریباً 80 فیصد کیسز ایسے ہیں جو مقامی سطح پر ایک فرد سے دوسرے میں منتقل یعنی مقامی طور پر منتقلی کے ہیں۔

اگر آج کے کیسز کے نظر ڈالیں تو پیر (27 اپریل) کو مزید لوگوں کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید افراد بھی صحتیاب ہوئے۔

سندھ

ادھر سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 341 کیسز اور 4 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 733 ٹیسٹ کیے، جس کے بعد اب تک ٹیسٹ کی تعداد 43 ہزار 949 ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان نئے ٹیسٹ میں سے 341 کے نتائج مثبت آئے جس کے بعد اب تک متاثرین کی تعداد 4956 ہوگئی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسی دوران مزید 4 افراد کے انتقال سے یہ تعداد 85 ہوگئی ہے، مزید برآں وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ابھی تک صوبے میں 925 لوگ صحتیاب ہوچکے ہیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں مریضوں کی تعداد کا 20 فیصد سے زائد حصہ اس وقت صحتیاب ہوچکا ہے جو متاثرہ افراد کے لیے امید کی کرن ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 93 افراد صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 2936 سے بڑھ کر 3029 تک جاپہنچی ہے۔

مجموعی صورتحال

اس تمام صورتحال کے بعد مجموعی طور پر پاکستان میں کیسز کے حساب سے پنجاب سب سے آگئے ہے جبکہ سندھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

پنجاب میں اس وقت 5446 اور سندھ میں 4956 کیسز موجود ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 1864 ہے۔

اسی طرح بلوچستان میں 721 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 245 تک پہنچ چکی ہے۔

گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 318 جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 59 لوگ کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

اموات کے حساب سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا ہے۔

خیبرپختونخوا: 98

سندھ: 85

پنجاب: 81

بلوچستان: 13

گلگت بلتستان: 3

اسلام آباد: 3

آزاد کشمیر کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 13 ہزار 328 ہوچکی ہے۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 277 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔