پاکستان

پنجاب: وبا میں کمی تک طبی عملے کیلئے ہر ماہ اضافی تنخواہ کا اعلان

Share

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تمام ڈاکٹروں، نرسوں اور ماہرین صحت کے لیے اپریل سے لے کر کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی تک ہر ماہ ایک اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق اس ضمن میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں اور منسلک طبی ماہرین کی تربیت پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ کرنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کررہی ہے اور احتیاطی اقدامات اختیار نہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ’عالمی وبا سے لڑنے اور جیتنے کے لیے یہی واحد راستہ ہے‘۔

انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی سیاست میں مصروف اور اس وقت بھی قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے میں مصروف ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے احتساب کے مطالبے پر ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمران خود سسے سوالات کیے جانے سے خوفزدہ ہیں۔

صوبائی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن سخت

لاہور پولیس نے شہر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر لاک ڈاؤن کو مزید سخت کردیا۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق پولیس نے مزید کیسز کی رپورٹ کے بعد میں شاد باغ، شادمان، بیگم کوٹ، شاہدرہ اور وحدت کالونی میں مزید گلیوں اور رہائش گاہوں کو سیل کردیا۔

آپریشن سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) فیصل شہزاد نے کہا کہ ہم نے حکومتی پالیسی پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے لاک ڈاؤن مزید سخت کردیا ہے اور اس سلسلے میں شہر کی مختلف سڑکوں پر 122 ناکے لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں، طبی عملے، صحافیوں، ہنگامی سروسز سے تعلق رکھنے والوں کو سڑکوں پر آنے جانے کی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کوروا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار 446 ہوگئی ہے اور اب تک 81 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سامنے آنے والے کیسز میں سے 60 فیصد کا تعلق لاہور ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 217 تک جا پہنچی ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں موجود مریضوں میں سے 22 کی حالت تشویشناک ہے۔