پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور آج بھی مزید کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 14 ہزار 300 جبکہ اموات 301 ہوگئی ہیں۔
ملک میں اس عالمی وبا کو 2 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے تاہم اس دوران ایک ماہ کیسز کی تعداد کم جبکہ دوسرے ماہ کافی زیادہ دیکھنے میں آئی۔
26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ 18 مارچ کو ملک میں وائرس سے پہلی موت کی تصدیق خیبرپختوںخوا میں ہوئی تھی۔
اگر وائرس کے کیسز کے پھیلاؤ پر نظر ڈالیں تو 25 مارچ تک ملک میں ایک ہزار کیسز تھے تاہم اس کے بعد سے اب تک تقریباً 13 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
اسی طرح مارچ کے آخر تک پاکستان میں اموات کی تعداد 26 تھی جو تاہم اپریل میں ابھی تک 265 سے زائد اموات سامنے آچکی ہیں۔
آج (28اپریل) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 335 کیسز اور 7 اموات کی تصدیق کردی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 335 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 5291 ہوگئی۔
صوبے کے اموات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد سندھ میں اموات کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 16 افراد اس عالمی وبا کا شکار ہوئے جبکہ ایک شخص کی موت کی بھی تصدیق ہوگئی۔
سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 245 سے بڑھ کر 261 تک پہنچ چکی ہے۔
گلگت بلتستان
اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آئے۔
علاقے میں مزید 2 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 318 سے بڑھ کر 320 ہوگئی ہے۔
صحتیاب افراد
جہاں ایک طرف ملک میں کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھنا حوصلہ افزا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 204 افراد نے اس وائرس کو شکست دی۔
جس کے بعد ملک میں شفایاب افراد کی تعداد 3029 سے بڑھ کر 3233 تک جاپہنچی ہے۔
مجموعی صورتحال
اس تمام صورتحال کے بعد ملک کی مجموعی صورتحال کا اگر جائزہ لیں تو کیسز کے حساب سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
صوبہ پنجاب کے کیسزکی تعداد اس وقت 5526ہے جبکہ سندھ میں 4956 لوگ وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 1984 جبکہ بلوچستان میں 853 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 265، گلگت بلتستان میں 320 جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 65 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
اموات کے حساب سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا متاثر ہے اور وہاں 100 سے زائد لوگ وائرس سے انتقال کرکچے ہیں۔
خیبرپختونخوا: 104
سندھ: 92
پنجاب: 84
بلوچستان: 14
اسلام آباد: 4
گلگت بلتستان: 3
آزاد کشمیر کوئی نہیں
پاکستان میں کورونا وائرس
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 13 ہزار 328 ہوچکی ہے۔
پاکستان میں اموات
ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔
تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 277 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔