جمالیات

کورونا وائرس: عائزہ خان کا فیس ماسک کو فیشن کا حصہ بنانے کا مشورہ

Share

پاکستان کی نامور اداکارہ عائزہ خان کے فیشن کو شوبز انڈسٹری میں ساتھیوں اور مداحوں دونوں کی جانب سے ہنئشہ سرایا گیا اور اب اداکارہ نے دنیا بھر میں پھیلی وبا کورونا کو دیکھتے ہوئے فیشن میں نئی تبدیلی کا مطالبہ کرلیا۔

دنیا بھر کے ڈاکٹرز کورونا وائرس کے خلاف احتیابی تدابیر اختیار کرتے ہوئے لوگوں کو ماسک پہننے کا مشورہ دے رہے ہیں اور ایسے میں اداکارہ عائزہ خان نے اس ماسک کو اپنے فیشن کا حصہ ہی بنالیا۔

عائزہ خان نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ تصاویر شیئر کی جن میں وہ سرخ رنگ کے جوڑے میں نہایت خوبصورت نظر آئیں۔‎

ان تصاویر میں اداکارہ نے اپنے لباس کی میچنگ پر ہاتھ سے تیار کیا گیا فیس ماسک پہن رکھا تھا جس کی وجہ سے وہ کافی توجہ کا مرکز بنیں۔

اپنی ایک تصویر پر اداکارہ نے لکھا کہ ’اب ہر لباس کے ساتھ میچنگ ماسک ضرور ہونا چاہیے‘۔

جبکہ یہ بھی لکھا کہ میچنگ ماسک پہننے میں کیا ہرج ہے؟

عائزہ خان اس دوران اداکارہ ریما کی میزبانی میں ہونے والے رمضان شو میں بھی شریک ہوئیں اور انہوں نے پروگرام کی ایک کلپ بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

کورونا وائرس کے حوالے سے بات کی جائے تو پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور آج بھی مزید کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 14 ہزار 300 جبکہ اموات 301 ہوگئی ہیں۔

ملک میں اس عالمی وبا کو 2 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے تاہم اس دوران ایک ماہ کیسز کی تعداد کم جبکہ دوسرے ماہ کافی زیادہ دیکھنے میں آئی۔

26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ 18 مارچ کو ملک میں وائرس سے پہلی موت کی تصدیق خیبرپختوںخوا میں ہوئی تھی۔

اگر وائرس کے کیسز کے پھیلاؤ پر نظر ڈالیں تو 25 مارچ تک ملک میں ایک ہزار کیسز تھے تاہم اس کے بعد سے اب تک تقریباً 13 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔