ہیڈلائن

کورونا وائرس: ملک میں 15521 افراد متاثر، 4 ہزار سے زائد صحتیاب

Share

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جہاں کوششیں جاری ہیں وہی اس کے نئے کیسز بھی سامنے آرہے ہیں اور اب تک ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 15521 ہوگئی ہے جبکہ 343 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مختلف طرح کی پابندیاں اور لاک ڈاؤن جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔

تاہم اس وائرس کے کیسز میں روزانہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

اگرچہ پاکستان میں پہلا کیس 26 فروری کو بیرون ملک سے آیا تھا تاہم اس کے بعد سے مقامی طور پر منتقلی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔‎

ملک میں کورونا وائرس کے اس 2 ماہ سے زائد عرصے میں ابتدائی ایک ماہ میں صرف ایک ہزار کیسز اور 8 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مزید یہ کہ دوسرے مہینے کے مکمل ہونے تک کیسز کی اس تعداد میں 12 ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ اسی عرصے میں 271 اموات بھی ہوئیں۔

صحتیاب افراد

تاہم جو بات اس وائرس کے مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں کیسز کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ہی روزانہ درجنوں مریض اس وائرس سے جنگ بھی جیت جاتے ہیں۔

اگر آج کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو 627 نئے مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

سرکاری سطح پر ڈیٹا فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے صحتیاب مریضوں کی تعداد 3425 سے بڑھ کر 4052 تک پہنچ چکی ہے۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک میں اب تک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو کیسز میں تو سب سے آگے پنجاب اور سندھ ہیں جبکہ 3 صوبوں میں اموات 3 ہندسوں میں داخل ہوچکی ہیں۔

اس وقت صوبہ پنجاب میں 5827 جبکہ سندھ میں 5695 متاثرین ہیں۔ مزید یہ کہ خیبرپختونخوا میں 2313 جبکہ بلوچستان میں 974 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 313 افراد، گلگت بلتستان میں 333 جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 66 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

اموات پر نظر ڈالیں تو اعداد و شمار کچھ اس طرح ہیں۔

  • خیبرپختونخوا: 122
  • پنجاب: 100
  • سندھ: 100
  • بلوچستان: 14
  • اسلام آباد: 04
  • گلگت بلتستان: 03

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 15 ہزار 521 ہوچکی ہے۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 317 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔