ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 18ہزار سے زائد، اموات 417 ہوگئیں

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور اب تقریباً یومیہ ہی ہزار یا اس سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 18235 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اموات 417 ہوگئی ہیں۔

اگر پاکستان میں کورونا کے پہلے کیس سے لے کر اب تک ایک مختصر سا جائزہ لیں تو 26 فروری 2020 کو کراچی میں ملک کے پہلے کورونا وائرس کے مریض کی تشخیص ہوئی تھی۔

پہلے مریض کے سامنے آنے کے ساتھ ہی صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت نے مختلف اقدامات اٹھاتے ہوئے پہلے تعلیمی ادارے، پارکس، تفریحی مقامات و دیگر ایسی جگہیں جہاں عوام کا رش ہوسکتا تھا انہیں بند کیا اور بعد ازاں مارچ کے مہینے میں جزوی لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کردیا۔‎

تاہم ان سب کے باوجود ملک میں کورونا کے مریض سامنے آتے رہے اور 18 مارچ کو اس وائرس سے پہلی موت بھی سامنے آگئی۔

26 فروری سے 25 مارچ تک ملک میں کورونا وائرس کے ایک ہزار کیسز کی تصدیق کی گئی جبکہ اسی عرصے میں 8 اموات بھی ہوئیں۔

تاہم اس کے بعد کورونا وائرس کا گراف تیزی سے اوپر گیا اور 25 مارچ سے اپریل کے آخر تک کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی عرصے میں 377 لوگ دنیا سے رخصت ہوگئے۔

ماہ مئی کا آغاز بھی کورونا سے متعلق اچھا ثابت نہیں ہوا اور پہلے ہی روز ایک ہزار سے زائد کیسز اور 23 اموات سامنے آئیں۔

آج (2 مئی) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات سامنے آگئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 514 کیسز اور 9 اموات سامنے آئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 6854 ہوگئی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے صوبے میں مزید 9 اموات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اب تک مجموعی اموات 115 تک پہنچ چکی ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق کردی گئی۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 343 سے بڑھ کر 365 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحومت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر آئی-10 کے دو رہائشی علاقوں کو سیل کردیا تھا۔

صحتیاب افراد

دوسری جانب ملک میں صحتیاب مریضوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

مریضوں کا اس تیزی سے صحتیاب ہونا دیگر متاثرین کے لیے ایک امید کی کرن کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 364 مزید مریض صحتیاب ہوگئے۔

ان افراد کے شفایاب ہونے کے ساتھ ہی ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 4351 سے بڑھ کر 4715 تک پہنچ گئی۔

ملک کی مجموعی صورتحال

اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو پنجاب اور سندھ کے کیسز ایک دوسرے کے قریب ہیں جبکہ خیبرپختونخوا اموات میں سب سے آگے ہے۔

اس وقت سندھ میں کیسز کی تعداد 6675 جبکہ پنجاب میں 6854 ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 2799 لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں اس وقت ایک ہزار 136 لوگ متاثر ہیں جبکہ اسلام آباد میں یہ تعداد 365 ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان کی بات کریں تو وہاں 340 لوگ وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 66 لوگوں کو کورونا وبا نے متاثر کیا ہے۔

صوبوں اور علاقوں میں اموات کی تعداد کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 161
  • سندھ: 118
  • پنجاب: 115
  • بلوچستان: 16
  • اسلام آباد: 04
  • گلگت بلتستان: 03
  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں