دنیا بھر میں 185 ممالک سے زائد میں پھیلنے والی عالمی وبا کورونا وائرس سے جہاں اب تک 35 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور ڈھائی لاکھ ہلاک ہوچکے ہیں وہیں یہ وائرس پاکستان میں بھی یومیہ سیکڑوں لوگوں کو متاثر کرنے اور متعدد کی اموات کا سبب بن رہا ہے۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 21501 ہوچکی ہے جبکہ 486 افراد اس وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔
حکومت کی جانب سے اس وبا پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جس میں جزوی لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں شامل ہیں تاکہ لوگ ایک دوسرے سے میل جول سے اجتناب کریں اور وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔
تاہم اس کے باوجود ملک میں عوام کی بڑی تعداد اب تک اس وائرس سے متاثر ہوچکی ہے اور ان کیسز میں ایک بڑی تعداد مقامی طور پر منتقلی کے کیسز کی ہے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ پاکستان میں 26 فروری کو بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے شہری میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، تاہم اس کے بعد سے اس وبا کے مقامی منتقلی کے کیسز بڑھ گئے ہیں۔
اگر پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ پر ایک نظر ڈالیں تو ابتدائی عرصے میں یعنی 26 فروری سے 31 مارچ تک کیسز کی تعداد 2 ہزار کے لگ بھگ تھی جبکہ 26 لوگ موت کا شکار ہوئے تھے۔
تاہم اپریل میں وائرس کے پھیلاؤ میں اچانک اضافہ دیکھا گیا اور ایک ماہ میں کیسز 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ ایک ماہ میں 359 اموات بھی دیکھنے میں آئیں۔
بعدا ازاں مئی کے آغاز میں وائرس کا پھیلاؤ مزید تیز ہوا اور تقریباً ہر روز ہی ایک ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے لگے اور صرف 4 روز میں تقریباً 5 ہزار کیسز آئے جبکہ 101 اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔
گزشتہ روز (4 مئی) کو اب تک کے ایک روز کے سب سے زیادہ 1371 کیسز سامنے آئے تھے۔
آج (5 مئی) کو ابھی تک کورونا وائرس کے نئے کیسز تو نہیں آئے تاہم صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔
صحتیاب افراد
آج بھی مزید 167 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی اور شفایاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں صحتیاب ہونے والے متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جو دیگر افراد کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 5635 سے بڑھ کر 5782 تک پہنچ گئی۔
ملک کی مجموعی صورتحال
اگر ملک کی اب تک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو صوبہ پنجاب اور سندھ کیسز کے اعداد سے آگے پیچھے ہیں۔
پنجاب میں اب تک 8103 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں یہ تعداد 7882 ہے۔
خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 3288 جبکہ بلوچستان میں 1321 لوگ وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد 464 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 372 لوگ وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
آزاد کشمیر میں اس وقت سب سے کم کیسز آئے ہیں اور وہاں متاثری کی تعداد 71 ہے۔
اموات کے حساب سے سب سے آگے خیبرپختونخوا ہے۔
- خیبرپختونخوا: 185
- سندھ: 137
- پنجاب: 136
- بلوچستان: 21
- اسلام آباد: 04
- گلگت بلتستان: 03
- آزاد کشمیر: کوئی نہیں