Site icon DUNYA PAKISTAN

کورونا وائرس: ملک میں 22 ہزار 823 متاثرین، صحتیاب افراد کی تعداد 6ہزار سے زائد

Share

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور نئے کیسز کےبعد ملک میں مجموعی طور پر متاثر 22823 تک پہنچ گئے جبکہ 526 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں وائرس کا پھیلاؤ اس تیزی سے جاری ہے کہ وہ دنیا کے ان 25 ممالک میں شامل ہوگیا جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

اگرچہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس تقریباً ڈھائی ماہ قبل 26 فروری کو سامنے آیا تاہم ابتدائی ایک ماہ میں کیسز کی تعداد میں اس حد تک تیزی نہیں دیکھی گئی۔

تاہم بعد ازاں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور مارچ کے آخری چندھ روز اور پورے ماہ اپریل میں نہ صرف کیسز کی تعداد بڑھی بلکہ اموات میں بھی کافی اضافہ ہوا۔تحریر جاری ہے‎

اعداد و شمار دیکھیں تو 26 فروری سے 26 مارچ تک ملک میں تقریباً 12 کیسز اور 9 اموات تھیں جو بعدازاں اپریل کے آخر تک 385 پہنچ گئیں جبکہ کیسز بھی ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

جس کے بعد رواں ماہ مئی میں اس وائرس کا پھیلاؤ مزید تیز ہوا اور تقریباً روزانہ ہی ہزار سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں۔

مئی کے گزشتہ 5 روز میں کیسز کی تعداد تقریباً ساڑھے 5 ہزار بڑھی جبکہ اسی عرصے میں 129 اموات بھی ہوئیں۔

آج (6 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 560 کیسز اور 12 اموات سامنے آگئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 8693 ہوگئی۔

ان کیسز کی تفصیل بتاتے ہوئے انہون نے کہا کہ زائرین سینٹر سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1926، 86 قیدی اور 5 ہزار 917 عام شہریوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 12 اموات ہوئی جس سے مجموعی تعداد 156 ہوگئی جبکہ 25 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 21 نئے کیسز سامنے آگئے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 485 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز تک اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 464 تھی۔

گلگت بلتستان

وہی گلگت بلتستان میں بھی کورونا نے مزید 14 افراد کو متاثر کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 372 سے بڑھ کر 386 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں اس وقت سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے 5 نئے کیسز سامنے آئے۔

ان نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرین تعداد 71 سے بڑھ کر 76 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جس طرح یہ کیسز کا گراف بڑھ رہا ہے اسی طرح صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 416 مریضوں نے اس وائرس کی شکست دی۔

جس کے بعد اب تک ملک میں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 6217 ہوگئی ہے۔

مجموعی صورتحال

اس کے بعد اگر ملک کی ایک مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو ان 22823 مصدقہ مریضوں میں سے 6217 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 526 کی اموات ہوئی ہے، اس طرح ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 16ہزار 80 ہے۔

صوبوں کے حساب سے پنجاب اور سندھ کے کیسز آگے پیچھے ہیں۔

سندھ میں اس وقت 8189 جبکہ پنجاب میں 8693 متاثرہ افراد ہیں۔

خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 3499 جبکہ بلوچستان میں 1495 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں 485، گلگت بلتستان میں 386 جبکہ آزاد کشمیر میں 76 لوگ وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

اموات کے حساب سے سب سے آگے خیبرپختونخوا ہے۔

Exit mobile version