پاکستانہفتہ بھر کی مقبول ترین

جنسی ہراس کا الزام ثابت ہونے پر پاکستانی وزارت خارجہ کا یوکرین میں تعینات اہلکار برخاست

Share

پاکستانی وزارت خارجہ نے یوکرین کے دارالحکومت کئیوومیں تعینات فرسٹ سیکریٹری وقار احمد کو جنسی ہراس کا الزام ثابت ہونے پر فی الفور نوکری سے برخاست کر دیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس اعلامیہ کی تصدیق کی ہے جو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وقار احمد پر لگائے گئے الزامات اور برخاستگی کے احکامات درج ہیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے پر پانچ مئی کی تاریخ درج ہے اور اس پر محکمے کے ڈائیرکٹر آصف خان کے دستخط موجود ہیں۔

پاکستان

وزارت خارجہ میں ذرائع کے مطابق کئیوو میں پاکستانی سفارت خانے میں کام کرنے والی ایک مقامی اہلکار نے فرسٹ سیکریٹری وقار احمد کے خلاف جنسی ہراس کے الزمات لگائے اور ساتھ میں ثبوت بھی پیش کیے۔

بی بی سی کو بتایا گیا کہ وقار احمد پر کچھ عرصے سے ان الزامات کی تفتیش ہو رہی تھی جس کے بعد انھیں برخاست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع نے مزید یہ بھی بتایا کہ وقار احمد پر ڈسپلن کی خلاف ورزی کے ماضی میں بھی الزامات لگتے رہے ہیں جب وہ ایک اور یورپی ملک کے سفارت خانے میں تعینات تھے۔ اُن الزمات کی نوعیت مالی بد عنوانی کی تھی۔