ہیڈلائن

کورونا وبا: ملک میں کیسز 27ہزار سے زائد، صحتیاب افراد کی تعداد 7756 ہوگئی

Share

پاکستان کورونا وائرس کا پھیلاؤ دن بدن بڑھ رہا ہے اور آج بھی نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 27 ہزار 33 ہوگئی ہے جبکہ اموات 611 تک پہنچ چکی ہیں۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 79 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میں ملک میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ 2000 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ یہ 2 ہزار کیسز وزیراعظم عمران خان کے لاک ڈاؤن کو نرم کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئے۔‎

وزیراعظم نے 7 مئی کو قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ ہفتہ (9 مئی) سے لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کیا جائے گا۔

تاہم ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال دن بدن تشویشناک ہورہی ہے اور پہلے سیکڑوں یا 3 ہندسوں میں آنے والے کیسز 4 ہندسوں تک پہنچ گئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد بھی دگنی ہوگئی ہے۔

صرف مئی کی بات کریں تو یکم مئی سے 8 مئی تک 226 اموات اور 10 ہزار سے زائد کیسز دیکھے گئے ہیں۔

آج (9 مئی) کو بھی ملک میں کورونا کے نئے مریض سامنے آئے، تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھ گیا ہے اور وہاں 51 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 558 سے بڑھ کر 609 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں مزید 27 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

جس کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی مجموعی تعداد 394 سے بڑھ کر 421 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔

جس کے ساتھ ہی وہاں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہوگئی۔

صحتیاب

ان کیسز کے باوجود ملک میں صحتیاب افراد کی بڑی تعداد دن بدن اپنے گھروں کو لوٹ رہی ہے۔

گزشتہ روز ملک میں ایک ہزار سے زائد مریض شفایاب ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایسے افراد کی تصدیق ہوئی جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید 226 متاثرین صحتیاب ہوئے جس سے یہ تعداد 7756 تک پہنچ گئی۔

مجموعی کیسز

اس تمام صورتحال کے بعد اگر ملک کے مجموعی کیسز پر ایک نظر ڈالیں تو 27033 مصدقہ کیسز ہیں جس میں 611 کا انتقال جبکہ 7756 صحتیاب ہوچکے ہیں، اس طرح اس وقت فعال کیسز کی تعداد 18666 ہے۔

اعداد و شمار کے حساب سے پنجاب میں اس مجموعی مصدقہ کیسز 10033 جبکہ سندھ میں 9691 متاثرین ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 4327 افراد متاثر ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 1873 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 609 کیسز ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں اس وبا نے 421 لوگوں کو متاثر کردیا ہے۔ آزاد کشمیر میں اس وقت سب سے کم 79 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 221
  • سندھ: 176
  • پنجاب: 183
  • بلوچستان: 24
  • اسلام آباد: 04
  • گلگت بلتستان: 03
  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں