Site icon DUNYA PAKISTAN

کورونا وائرس: پاکستان میں 30 ہزار 466 افراد متاثر، 8 ہزار 212 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آج مزید نئے کیسز کے بعد اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 30466 ہوگئی ہے جبکہ 662 افراد وائرس سے لقمہ اجل بنے ہیں۔

سرکاری سطح پر بتائے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 50 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ملک میں 26 فروری کو سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس بیرون ملک سے آئے پاکستان میں آیا تھا۔ پہلے کیس کے آتے کے ساتھ ہی مختلف اقدامات اٹھائے گئے تھے، جس میں تعلیمی ادارے، پارکس، کیفیز، ریسٹورینٹ و دیگر چیزوں کی بندش شامل تھی جبکہ بعد ازاں اس پابندیوں کو جزوی لاک ڈاؤن میں تبدیل کردیا تھا۔

سندھ سے شروع ہونے والی اس پابندیوں اور لاک ڈاؤن کو بعد ازاں پورے ملک میں اپنایا گیا تھا اور وفاقی حکومت کی سطح پر بھی جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا تھا تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

اس سب کے باوجود ملک میں وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتا رہا اور مارچ کے مقابلے میں اپریل میں مزید کیسز اور اموات دیکھی گئیں۔

تاہم مئی کے آغاز سے پاکستان میں اس وائرس کی ایک نئی لہر کی نظر آرہی ہے اور صرف 10 روز میں ساڑھے 13 ہزار سے زائد کیسز اور 276 اموات دیکھنے میں آئی ہیں۔

کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے بھی وفاقی حکومت نے 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا، جس کی بنیادی وجہ غریب، دیہاڑی دار اور سفید پوش افراد کی مالی مشکلات بیان کی گئی۔

تاہم ڈاکٹرز نے وفاقی حکومت کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے اور کہا ہے کہ حالات مزید خراب ہوئے تو نظام صحت اس کا بوجھ برداشت نہیں کرپائے گا۔

اگر تمام صورتحال کے بعد کیسز کی بات کریں تو گزشتہ روز بھی ملک میں 1621 نئے کیسز سامنے آئے۔

آج (11 مئی) کو بھی نئے کیسز اور لوگوں کے انتقال کی تصدیق ہوئی جبکہ وبا سے کئی افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو ابتدا میں اس وائرس سے کم متاثر تھا وہاں اب کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 38 نئے کیسز اور ایک موت رپورٹ ہوئی۔

جس کے بعد وہاں اب تک اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 641 سے بڑھ کر 679 ہوگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 6 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق علاقے میں مزید 12 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے۔

جس کے بعد گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 430 سے بڑھ کر 442 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

تاہم ان کیسز کے بعد بھی لوگوں کے لیے ایک امید کی کرن مریضوں کا جلد شفایاب ہونا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے صحت پانے والے ان افراد کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 149 لوگوں کا مزید اضافہ ہوا۔

جس کے ساتھ ہی ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 8063 سے بڑھ کر 8212 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

اس کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو ایک نظر میں دیکھیں تو اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 30466 ہے جس میں سے 662 کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ 8212 افراد صحتیاب ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 21592 ہے۔

صوبہ سندھ میں اس وقت 11480 لوگ متاثر ہیں تو پنجاب میں یہ تعداد 11093 ہوچکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں 4669 لوگ وائرس کا شکار ہوئے ہیں تو وہی بلوچستان 2017 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں یہ تعداد 679 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 442 لوگوں کو وائرس نے متاثر کیا ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 86 افراد بھی اس وبا سے متاثر ہیں۔

اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے

Exit mobile version