پہلا ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان، بھارت ٹاکرا 27 فروری کو

asia cup

پہلے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور پاکستان ایشیا کپ میں اب تک دس مرتبہ آمنا سامنا کرچکے ہیں جہاں پانچ میچز گرین شرٹس جبکہ پانچ میں ہندوستان کامیاب رہا۔
ٹورنامنٹ کے پچھلے ون ڈے ایڈیشن میں آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے میچ کے آخری اوور میں پاکستانی ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کروایا تھا۔اب یہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 24 فروری سے چھ مارچ تک پاکستان، ہندوستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ایک کوالیفائر ٹیم کے درمیان بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔ کوالیفائر ٹیم کے لیے افغانستان، ہانگ کانگ، اومان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مقابلہ ہوگا اور فاتح ٹیم ایشیا کپ میں پانچویں رکن کی حیثیت سے شرکت کرے گی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ ہندوستان کے خلاف 27 فروری، دوسرا کوالیفائنگ ٹیم کےخلاف 29 فروری، تیسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف دو مارچ اور چوتھا میچ سری لنکا کے خلاف چار فروری کو کھیلے گا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل چھ مارچ کو کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اختتام 23 فروری کو ہوگا جس کے فوری بعد یعنی 24 فروری سے اس ٹورنامنٹ کا آغاز ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ عالمی ٹی ٹوئنٹی کا آغاز آٹھ مارچ سے ہوگا جو کہ ہندوستان میں کھیلا جائے گا :-

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *