میڈ ان انڈیا نمائش، بھارتی تاجروں کا وفد 13فروری سے پاکستان کا دورہ کریگا

anand sharmaبھارتی وزیر تجارت آنند شرماکی سربراہی میں بھارتی تاجروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کا 300 رکنی وفد 13 فروری سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وفد کے ارکان 13 فروری کو واہگہ کے راستے لاہور پہنچیں گے ۔سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر افتخار علی ملک نے بتایا کہ لاہور میں 14 فروری سے 16 فروری تک تین روزہ \"میڈاِن انڈیا\"نمائش ہوگی جس میں 140 بھارتی کمپنیاں اپنی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کریں گی، نمائش میں بھارت کی کم قیمت کاریں بھی رکھی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی وفدکے دورے کے موقع پر لاہور میں ایک بڑے ثقافتی شو اور یوتھ فیسٹیول کا انتظام کیا جائے گا،یوتھ فیسٹیول گورنرہاؤس لاہور میں ہوگا جس میں پاکستان اور بھارت کی نامور شخصیات شریک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں سارک چیمبر آف کامرس کے صدر وکرم سنگھ سانی سمیت بھارت، بنگلہ دیش،سری لنکا، بھوٹان، نیپال،مالدیپ سے سارک چیمبر کے نائب صدور اور بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف سٹارز شریک ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں بھارتی وفد کی میزبانی وہ خود انجام دیں گے اور انہیں یقین ہے کہ بھارتی وفد کے دورہ پاکستان اور بھارتی نمائش سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی راہ مزید ہموار ہوگی جبکہ حکومتی سطح پر باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے پر بھی غور کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے پر آنے والے بھارتی تاجر اور صنعتکار پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں سے علیحدہ علیحدہ مذاکرات کریں گے جبکہ دونوں ملکوں کے کاروباری اداروں کے درمیان انفرادی ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش ٹی ڈی اے پی کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *