ہیڈلائن

کورونا وبا: ملک میں 32ہزار سے زائد کیسز، اموات 700 سے تجاوز کرگئیں

Share

دنیا بھر کے 185 سے زیادہ ملکوں کو متاثر کرنے والے مہلک کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ہورہا ہے، جس کے باعث اب تک ملک میں اس وبا سے 32 ہزار 81 لوگ متاثر جبکہ 706 جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 353 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

ملک میں 26 فروری 2020 کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے اب تک کے اس ڈھائی ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس کی وبا رواں ماہ یعنی مئی کے مہینے میں سب سے تیزی سے پھیلتی دکھائی دے رہی ہے۔

اگر فروری کے ابتدائی 4 دن کی بات کریں تو اس میں صرف پاکستان میں 4 کیسز تھے جو بعد ازاں مارچ کے مہینے کے آخر تک 2007 تک پہنچ گئے جبکہ 18 مارچ کو ملک میں پہلی موت کی تصدیق بھی ہوئی اور 31 مارچ تک یہ تعداد 26 تک رہی۔تحریر جاری ہے‎

اپریل کے مہینے کا آغاز ہوا تو کیسز میں آہستہ آہستہ اضافہ بڑھتا گیا اور اس ایک ماہ کے دوران یعنی 30 اپریل تک ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ اسی عرصے میں اموات 26 سے بڑھ کر 385 ہوگئیں۔

تاہم مئی کا آغاز اس وائرس کے پھیلاؤ میں ایک نئی لہر کے ساتھ ہوا اور رواں ماہ کے ابتدائی 11 روز یعنی (11 مئی تک) پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ساڑھے 31 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اسی دوران اموات 385 سے بڑھ کر 691 تک پہنچ گئیں۔

آج (12 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کی تصدیق کی گئی۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 301 کیسز اور 14 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 11 ہزار 869 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 24 گھنٹوں میں مزید 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی اموات 211 تک پہنچ گئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 37 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 37 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 679 سے بڑھ کر 716 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے مزید 15 افراد کو متاثر کردیا۔

جس کے بعد وہاں اب تک کورونا وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 442 سے بڑھ کر 457 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں اس عالمی وبا سے پہلی موت بھی سامنے آگئی۔

اگرچہ آزاد کشمیر اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر ہوا ہے اور وہاں کوئی موت بھی نہیں ہوئی تھی، تاہم نئے اعداد و شمار میں وہاں پہلی موت کی تصدیق کی گئی۔

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا اور مصدقہ کیسز کی تعداد 86 پر ہی موجود رہی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں نئے کیسز اور اموات کے باوجود صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

صحتیاب افراد کی تعداد میں اس تیزی سے اضافہ ان لوگوں کے لیے امید کا باعث ہے جو اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مزید 343 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 8212 سے بڑھ کر 8555 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ان تمام کیسز کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال دیکھیں تو اب تک 32081 افراد متاثر ہیں جس میں سے 706کا انتقال ہوگیا جبکہ 8555 صحتیاب ہوگئے تو اس طرح ملک میں ابھی 22 ہزار 820 فعال کیسز موجود ہیں۔

صوبہ سندھ کے کیسز کی تعداد اس وقت سب سے زیادہ 12 ہزار 17 ہے جس کے بعد پنجاب کے کیسز ہیں اور وہاں 11 ہزار 869 لوگ متاثر ہیں۔

خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 4 ہزار 875 ہے تو وہیں بلوچستان میں 2 ہزار 61 لوگ وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں 716 لوگوں کو وائرس متاثر کرچکا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 457 اور آزاد کشمیر میں 86 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے

  • خیبرپختونخوا: 257
  • پنجاب: 211
  • سندھ: 200
  • بلوچستان: 27
  • اسلام آباد: 06
  • گلگت بلتستان: 04
  • آزاد کشمیر: 01