جمالیات

ارطغرل کی اداکارہ اسراء بِلگِچ کی تصویر پر سوشل میڈیا پر بحث: ’آپ ہمارے ساتھ یہ کیسے کرسکتی ہیں حلیمہ باجی!‘

Share

جب سے پاکستان میں ترک ڈرامہ ارطغرل دکھایا گیا ہے تب ہی سے ناظرین اس کے کرداروں، کہانی اور ڈائیلاگز میں بےحد دلچسپی دکھا رہے ہیں۔

ڈرامے میں ارظغرل کا حلیمہ سے اظہار محبت ہو یا حلیمہ سلطان کا کردار نبھانے والی اسراء بِلگِچ کی خوبصورتی، ان سب کا سوشل میڈیا پر بہت ذکر ہے۔

ڈرامے میں اس قدر دلچسپی کی وجہ سے بہت سے لوگوں نے ان کرداروں کو نبھانے والے اداکاروں کو سوشل میڈیا پر بھی فالو کرنا شروع کیا ہے۔ اور جب انہیں اپنے پسندیدہ کردار اُس خاص رنگ میں نظر نہ آئے جیسا کہ وہ اُنہیں ڈرامے میں دیکھ رہے ہیں تو ان کا ردعمل سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا۔

اداکارہ اسراء بِلگِچ کو حلیمہ کے کردار سے ہٹ کر اپنی اصل زندگی میں گلیمرس انداز میں دیکھ کر کچھ مداحوں کو اداکارہ کی زندگی کا یہ پہلو ہضم نہ ہوا۔ اُن کے لیے اسراء صرف اور صرف حلیمہ ہی ہیں۔

انسٹاگرام پر اسراء بِلگِچ کی جانب سے اس پوسٹ پر جہاں بہت سوں نے انہیں پاکستان سے پیار بھیجا اور ان کی خوبصورتی کی تعریف کی وہیں بہت سے لوگ اُن سے ناراض بھی ہوئے۔ اس پوسٹ پر آنے والے کمنٹس میں کچھ مداحوں نے ان سے ناراضی کا اظہار کیا اور ان سے ڈرامے والے کردار حلیمہ کا روپ اپنانے کو کہا۔

انسٹاگرام پر ہی بہت سے پاکستانی مداحوں نے اپنے ہم وطنوں کی جانب سے تنقید پر ان سے معافی مانگی اور کہا کہ ایسے کمنٹس کو نظر انداز کر دیں۔

انسٹاگرام پر عماد سالار نے کمنٹ کیا اور کہا کہ ’غصہ نہ کرو لوگو وہ اصل زندگی میں حلیمہ نہیں ہیں اور تمہارا اُن کی نجی زندگی سے کچھ لینا دینا نہیں۔‘

یہ بحث انسٹاگرام سے ٹوئٹر تک بھی پہنچ گئی۔

ٹوئٹر

ایک ٹوئٹر صارف نے کہا کہ لوگوں نے اسراء بِلگِچ کو یہ سمجھ کر فالو کیا کہ شاید وہ اصلی حلیمہ سلطان ہیں جو روزانہ اُن کے ساتھ انسٹاگرام پر قرآن کی تعلیم شیئر کریں گی۔ اس لیے اُن کو دھچکہ لگا ہے۔

ابن جون نامی اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی کہ پاکستانی مرد پہلے حلیمہ سلطان کی ہاٹ تصاویر ڈھونڈتے ہیں

پھر جب انہیں ملتی ہے تو: استغفراللہ کچھ شرم کرو آپا

ایک صارف نے اسراء بِلگِچ کے ایک دوسرے ڈرامے کا کِسِنگ سین پوسٹ کیا اور کہا کہ ’اب آدھے پاکستان کی نیندیں اڑ جانی ہیں، کیوں کیا تم نے ایسا حلیمہ سلطان؟‘

رانا شیراز نے میم شیئر کی اور لکھا ’آپ ہمارے ساتھ یہ کیسے کرسکتی ہیں حلیمہ باجی!‘

مگر بہت سے مداحوں کو صرف اسراء بِلگِچ کی انسٹاگرام پوسٹ پر ہی اعتراض نہیں تھا انہیں ارطغرل کا کردار نبھانے والے اینگن التان دُوزیاتن کی اپنے کتے کے ساتھ پوسٹ کی گئی تصویر پسند نہیں آئی۔

اس تصویر پر ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ ’سر پلیز خلیفہ، آپ کے گھر میں کتا کیوں ہے۔ اس کی اسلام میں اجازت نہیں۔ کتے کو گھر سے نکالیں اور نوجوان مسلمانوں کے لیے مثال بنیں۔ آپ اسلام پر فلم بناتے ہیں لیکن اسلام پر عمل نہیں کرتے۔ پاکستان سے آپ کے لیے محبت بھرا پیغام۔ امید ہے آپ بات کو سمجھیں گے۔‘

ارطغرل کے اداکاروں کی تصاویر پر آنے والے کمنٹس پر ٹوئٹر پر مائدہ نے کہا کہ تو اب پاکستانی ترک اداکار اور اداکارہ کو حراساں کر رہے ہیں کیونکہ ارطغرل کے پاس کتا ہے اور حلیمہ باجی کے کپڑے ٹھیک نہیں۔

اسی بارے میں تہمینہ نے لکھا کہ ’اب پاکستانیوں کو افسوس ہے کہ ارطغرل ملک میں دکھایا گیا۔ ہم ایسی قوم ہیں جو اپنے کام سے کام نہیں رکھ سکتی۔ دوسروں کو سبق پڑھانا ہمارا قومی مشغلہ ہے۔‘

مہوش اعجاز لکھتی ہیں اسراء بِلگِچ کے انسٹاگرام پر آدھے کمنٹس اخلاقیات سکھانے والی بریگیڈ کے ہیں جو اُنہیں اُن کے کپڑوں کی وجہ سے ہراساں کر رہے ہیں باقی ان شرمندہ پاکستانیوں کے ہیں جنہیں افسوس ہے کہ یہ پاکستانی کر رہے ہیں۔

جبکہ حسن زیدی نے ٹویٹ کی کہ عنقریب ترک اداکار اپنے معاہدوں میں یہ شق شامل کروائیں گے کہ اُن کے شوز کو پاکستان کے لیے اردو میں ڈب نہ کیا جا سکے۔