Site icon DUNYA PAKISTAN

کورونا وائرس: پاکستان میں 36 ہزار 865 کیسز، 10ہزار سے زائد افراد صحتیاب

Share

پاکستان میں پھیلے مہلک کورونا وائرس کے مریض دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور آج بھی نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 36 ہزار 865 ہوگئی ہے جبکہ اموات 792 تک جا پہنچی ہیں تاہم 10 ہزار سے زائد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 77 نئے مریضوں کا اضافہ دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اب یومیہ ایک ہزار سے زائد کا اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

26 فروری کو سامنے آنے والے پہلے کیس کے بعد سے پاکستان میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف طرح کی بندشیں اور بعدازاں جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا۔‎

تاہم اس کے باوجود یہ وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور مئی کے آغاز میں اس کے کیسز میں اچانک تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کو دیکھیں تو 26 فروری سے 30 اپریل تک 2 ماہ سے زائد کے عرصے میں ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد تھی جبکہ اموات 385 ہوئی تھیں۔

تاہم رواں ماہ یعنی مئی کے ابتدائی 14 روز میں پاکستان میں 20 ہزار سے زائد کیسز اور 400 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں جو تشویش ناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہیں۔

آج (15 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا تاہم اس وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا کے 44 نئے مریض اور ایک موت کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 822 سے بڑھ کر 866 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں ایک فرد کی موت کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد وہاں مجموعی اموات 7 تک پہنچ گئیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی وقت گزرنے کے ساتھ کیسز میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 19 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے۔

جس کے بعد وہاں اب تک مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 482 سے بڑھ کر 501 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

اسی طرح اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی کیسز کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران آزاد کشمیر میں مزید 14 نئے متاثرین سامنے آئے اور وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 105 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم اگرچہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے وہیں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

ملک میں گزشتہ روز تک صحتیاب افراد کی تعداد 9 ہزار 695 تھی، جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 460 نئے لوگوں کا اضافہ ہوا۔

جس کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 10 ہزار 155 ہوگئی جو دیگر متاثرہ مریضوں کے لیے اُمید کی کرن ہے۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک میں مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت 36 ہزار 865 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 792 کا انتقال ہوا ہے جبکہ 10 ہزار 155 صحتیاب ہوچکے ہیں، اس طرح پاکستان میں ابھی فعال کیسز کی تعداد 25 ہزار 918 ہے۔

سندھ میں کیسز کی تعداد 14 ہزار 99 جبکہ پنجاب میں 13 ہزار 561 لوگ وائرس سے متاثر ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 5423 لوگوں کو وبا نے اپنا شکار بنایا ہے تو بلوچستان میں یہ تعداد 2310 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں 866 لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ گلگت میں 501 اور آزاد کشمیر میں 105 لوگ اب تک متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

Exit mobile version