ہیڈلائن

پاکستان میں 38 ہزار 512 کورونا کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد 10 ہزار 880 ہوگئی

Share

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آسکی اور اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 38 ہزار 512 ہوگئی ہے جبکہ 823 افراد ایسے بھی ہیں جو انتقال کرچکے ہیں۔

دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے مہلک کورونا وائرس کا آغاز گزشتہ سال کے آخری ماہ میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے ہوا تھا۔

چین سے شروع ہونے والا یہ وائرس اب تقریباً پوری دنیا میں ہی پھیل چکا ہے اور اس سے اب تک دنیا بھر میں 45 لاکھ سے زائد لوگ متاثر جبکہ 3 لاکھ سے زیادہ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی یہ وائرس اگرچہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت دیر سے آیا تاہم اس وائرس کو ملک میں ڈھائی ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔‎

26 فروری 2020 ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس تجارتی حب کراچی میں سامنے آیا۔

جس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے کیسز بڑھتے رہے اور اپریل کے آخر تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے جبکہ 385 جانبر نہ ہوسکے۔

تاہم ماہ مئی کا آغاز وائرس کے کیسز میں اضافے کی ایک نئی لہر کے ساتھ ہوا اور صرف نصف مئی یعنی 15 روز کے اندر کیسز کی تعداد میں 21 ہزار سے زائد نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ 438 اموات بھی اسی دوران ہوئیں۔

آج (16 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا کے مصدقہ کیسز سامنے آئے جبکہ اسی دوران صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جہاں پہلے کیسز کی تعداد کم تھی اب وہاں روز بروز متاثرین میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری طور پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 55 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔

جس کے بعد اسلام آباد میں اب تک کے کورونا کیسز کی تعداد 866 سے بڑھ کر 921 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان جہاں وائرس سے اب تک 4 افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں وہی کیسز کی تعداد آئے روز بڑھ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 17 افراد وائرس سے متاثرہوئے۔

ان نئے متاثرین کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 501 سے بڑھ کر 518 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

دوسری جانب پاکستان میں اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وبا کے مزید 3 افراد سامنے آئے۔

ان 3 نئے متاثرین کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 105 سے بڑھ کر 108 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے 725 نئے ایسے افراد تھے جو وائرس سےمکمل صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 10155 سے بڑھ کر 10880 تک جاپہنچی۔

مجموعی صورتحال

مندرجہ بالا اعداد و شمار کے بعد اگر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 38512 ہے جس میں سے 823 انتقال کرچکے ہیں جکہ 10880 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح ابھی موجود فعال کیسز کی تعداد 26 ہزار 809 ہے۔

سندھ میں وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 14916 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 13914 ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 5678 لوگ متاثر ہوئے ہیں تو بلوچستان میں یہ تعداد 2457 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا نے 921 لوگوں کو متاثر کیا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 518 جبکہ آزاد کشمیر میں 108 لوگ اس کا شکار ہوئے ہیں۔

** اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔**

  • خیبرپختونخوا: 291
  • سندھ: 255
  • پنجاب: 234
  • بلوچستان: 31
  • اسلام آباد: 07
  • گلگت بلتستان: 04
  • آزاد کشمیر: 01