امریکی فضائیہ کا ’خلائی طیارہ‘ اپنے خفیہ مشن پر روانہ
امریکی فضائیہ نے ایک اٹلس فائیو راکٹ کو کامیابی سے خلا میں لانچ کر دیا ہے جس میں ایک خفیہ مشن سرانجام دینے کے لیے ایکس 37 بی خلائی طیارہ بھی شامل ہے۔
یہ راکٹ کیپ کیناویرال کے خلائی اڈے سے سنیچر کو لانچ کیا جانا تھا تاہم خراب موسم کے باعث اسے اتوار کو لانچ کیا گیا۔
آربیٹل ٹیسٹ وہیکل (او ٹی وی) کہلانے والا طیارہ ایک سیارچے کو مدار میں چھوڑے گا اور پاور بیمنگ ٹیکنالوجی یعنی لہروں کے ذریعے توانائی کی منتقلی کی بھی آزمائش کرے گا۔
یہ اس طیارے کا خلا میں چھٹا مشن ہو گا۔
اس مشن کی لانچنگ کو کورونا کے خلاف صفِ اول پر لڑنے والے کارکنوں اور اس سے متاثر ہونے والوں کے نام کیا گیا تھا۔
ایکس 37 بی ایک خفیہ پروگرام ہے اور اس کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ پینٹاگون نے اس ڈرون کے مشنز اور اس کی صلاحیتوں کے بارے میں ماضی میں بہت کم معلومات جاری کی ہیں۔
فضائیہ سیکریٹری باربرا بیریٹ نے رواں ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ ’ایکس 37 بی کا یہ مشن پچھلے کسی بھی مشن سے زیادہ تجربات کرے گا۔‘
ایک تجربے میں بیجوں اور دیگر مادوں پر تابکاری کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایکس 37 بی پروگرام سنہ 1999 میں شروع کیا گیا تھا۔ یہ طیارہ سنہ 2011 میں ریٹائر ہونے والی سپیس شٹل کے چھوٹے سائز جیسا لگتا ہے۔ یہ بالکل سپیس شٹل کی طرح فضا سے رن وے پر اتر سکتا ہے۔
بوئنگ کا بنایا گیا یہ طیارہ مدار میں رہ کر توانائی حاصل کرنے کے لیے شمسی پینلز کا استعمال کرتا ہے۔ اس کی لمبائی 29 فٹ سے زیادہ ہے، اس کے پروں کا پھیلاؤ تقریباً 15 فٹ جبکہ اس کا وزن 11 ہزار پاؤنڈ یا 4989 کلو ہے۔
اس طیارے نے پہلی مرتبہ اپریل 2010 میں پرواز کی تھی اور آٹھ ماہ طویل مشن کے بعد واپس لوٹا تھا۔
اس کا تازہ ترین مشن 780 دن مدار میں گزارنے کے بعد اکتوبر 2019 میں ختم ہوا جس کے بعد اس طیارے کا خلا میں گزارا گیا کُل وقت سات سال ہو گیا ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مشن کتنا عرصہ جاری رہے گا۔