جمالیات

‘بیونسے کو بھی 16 سال کی عمر میں جنسی ہراساں کیا گیا’

Share

مشہور زمانہ امریکی گلوکار بیونسے کے والد میتھیو کنولز کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو بھی 16 سال کی عمر میں راک بینڈ کے دو ممبرز کی جانب سے جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک ویڈیو انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ سال 2000 کے آغاز میں بیونسے کا بینڈ ڈیسٹنی چائلڈ ایک اور بینڈ جیگڈ ایج کے ہمراہ ایک دورے پر روانہ ہوا۔

میتھیو کنولز اس بینڈ کے مینجر بھی تھے — فوٹو: شٹراسٹاک
میتھیو کنولز اس بینڈ کے مینجر بھی تھے

اس موقع پر بیونسے کی عمر 16 برس تھی جبکہ جیگڈ ایج بینڈ کے ان دو نوجوانوں کی عمر 21 سے 22 سال کے درمیان تھی۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان دونوں نوجوانوں نے بیونسے کے ساتھ ساتھ ان کے بینڈ کی ایک اور گلوکارہ کیلی رولینڈ کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا۔

واضح رہے کہ بیونسے کے والد ان کے مینجر بھی رہ چکے ہیں۔

جیگڈ ایج بینڈ کے ان دو گلوکاروں کا نام میتھیو نے بتانے سے گریز کیا — فوٹو: شٹراسٹاک
جیگڈ ایج بینڈ کے ان دو گلوکاروں کا نام میتھیو نے بتانے سے گریز کیا

واقعے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے میتھیو نے بتایا کہ ‘مجھے آج بھی یاد ہے کہ بیونسے اور کیلی نے مجھے فون کیا تھا اور کہا تھا کہ جیگڈ ایج بینڈ کے دو نوجوان ہمیں مسلسل ہراساں کررہے ہیں،جس کے بعد میں نے فوری اس بینڈ کو سفر کے بیچ میں ہی بس سے اتار دیا تھا’۔

67 سالہ میتھیو کنولز نے البتہ چار نوجوانوں پر مشتمل بینڈ کے ان دو نوجوانون کا نام بتانے سے گریز کیا۔

جیگڈ ایج کے نوجوانوں نے دوران سفر کیلی اور بیونسے کو ہراساں کیا — فوٹو: انسٹاگرام
جیگڈ ایج کے نوجوانوں نے دوران سفر کیلی اور بیونسے کو ہراساں کیا

انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی دونوں بینڈز کے ایک ساتھ سفر کرنے کے اپنے فیصلے پر شرمندہ ہیں۔

بیونسے کا بینڈ ڈیسٹنی چائلڈ اس دور کا مقبول بینڈ مانا جاتا تھا، چار گلوکاراؤں پر مشتمل یہ بینڈ کچھ سالوں بعد سب کے الگ ہونے کے بعد ٹوٹ گیا۔

ٖڈیسٹنی چائلڈ چار گلوکاراؤں پر مشتمل تھا — فوٹو: شٹراسٹاک
ٖڈیسٹنی چائلڈ چار گلوکاراؤں پر مشتمل تھا

واضح رہے کہ بیونسے 2014 میں فوربز فہرست میں سب سے زیادہ کمانے والی سلیبرٹی کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں، جب کہ 2017 میں وہ اسی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

بیونسے کے میوزک ایلبم لیمونیڈے نے 2016 میں دنیا کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ایلبم کا اعزاز حاصل کیا تھا۔