کھیل

ہسپانوی فٹبال لیگ ‘لا لیگا’ 8 جون سے شروع کرنے کا امکان

Share

اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ 8 جون سے ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا کا تماشائیوں کے بغیر بند اسٹیڈیم میں آغاز ہو سکتا ہے۔

ادھر لیگ کے صدر ژیویئر تیباس نے بھی 12جون سے لیگ کے آغاز کی امید ظاہر کی ہے لیکن لیگ کی جانب سے باضابطہ طور پر مقابلوں کے آغاز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

لا لیگا کے کھلاڑیوں نے رواں ہفتے سے ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے لیکن اس دوران کورونا کے سبب حفاظتی اقدامات کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے اور کسی بھی گروپ میں 10 سے زائد کھلاڑیوں کو ایک ساتھ ٹریننگ کی اجازت نہیں۔ ‎

اسپین کے وزیر اعظم نے کہا کہ اسپین نے وہ کیا ہے جو اب دنیا بھر میں سب کے لیے ایک نئی راہ ہو گی اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہر طرح کی روز مرہ کی سرگرمیاں انجام دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 جون سے لا لیگا کا دوبارہ آغاز ہوگا کیونکہ ہسپانوی فٹبال کو دنیا بھر میں لوگ پسند کرتے ہیں لیکن یہ واحد تفریحی سرگرمی نہیں ہوگی جس کا ہم آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

اسپین میں فرسٹ ڈویژن کی طرح سیکنڈ ڈویژن کے میچز کا بھی 8 جون سے آغاز متوقع ہے اور ممکنہ طور پر سیویا اور ریئل بیٹس کے درمیان ڈربی میچ سے لیگ کا آغاز ہوگا۔

لیگ کے صدر ژیویئر تباس نے کہا کہ ہم اس فیصلے سے بہت خوش ہیں، یہ کلب، کھلاڑیوں اور کوچز سمیت تمام متعلقہ افراد کی بہترین کوششوں کا نتیجہ ہے۔

ژیویئر تباس نے کہا کہ ہم احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے، صحت کے حوالے سے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان کی پابندی لازمی ہے تاکہ یہ وائرس دوبارہ نہ آسکے۔

کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اسپین میں 12مارچ سے فٹبال کی سرگرمیاں معطلی کا شکار ہیں۔

دونوں ڈویژن میں موجود کھلاڑیوں کے بھی ٹیسٹ کیے گئے اور ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد ہی انہیں انفرادی ٹریننگ کے لیے مئی کے آغاز میں کلب میں واپسی کی اجازت دی گئی۔

اسپین میں دونوں ڈویژن میں 18مئی کو ٹریننگ کے آغاز سے قبل پانچ کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے تھے۔

اسپین کی فرسٹ ڈویژن میں تمام ٹیموں کو 11 مزید میچز کھیلنے ہیں جہاں پوائنٹس ٹیبل پر بارسلونا سرفہرست ہے جبکہ ریئل میڈرڈ دو پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب پرتگال میں پریمیئر لیگ 3 جون سےشروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپین دنیا بھر میں وائرس سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے اور کورونا وائرس سے اسپین میں 28 ہزار 678 افراد ہلاک اور 2 لاکھ 35ہزار سے زائد متاثر ہوئے۔