ہیڈلائن

کورونا وبا: پاکستان میں 55ہزار 829متاثرین، 17 ہزار 482 صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی مزید کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز 55 ہزار 829 ہوگئے جبکہ اموات 1162 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 61 نئے کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔ خیال رہے کہ ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وبا کو اب تک 3 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

ملک میں اس وبا کا پھیلاؤ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھ رہا ہے اور پہلے یومیہ 2 ہندسوں میں آنے والے کیسز اب 3 ہندسوں میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھی ہے۔

اگر ایک نظر ملک میں کورونا کے پھیلاؤ پر ڈالیں تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔‎

یہاں یہ مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو ہوئی تھی۔ اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں کچھ تیزی آئی اور یہ مہینے کے آخر تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی دوران اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم رواں ماہ مئی اس وائرس کے لیے اب تک سب سے زیادہ خطرناک رہا ہے اور اس میں وبا کے کیسز میں دوگنا اضافہ دیکھا گیا اور کیسز میں 39ہزار جبکہ اموات میں 771 کا اضافہ ہوا۔

آج (25 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وبا کے کیسز اور اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس عالمی وبا کے کیسز میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 49 نئے مریض اور 2 اموات سامنے آئیں۔

ان نئے اعداد و شمار کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز کی تعداد 1592 سے بڑھ کر 1641 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں کورونا وبا سے مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں ان 3 نئی اموات کے بعد مجموعی اموات 7 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں آزاد کشمیر جو اس وائرس سے سب سے کم متاثر تھا وہاں اب کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور مجموعی کیسز 200 سے تجاوز کرگئے ہیں۔

آزاد کشمیر

اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 12 نئے مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

جس کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 197 سے بڑھ کر 209 ہوگئی جبکہ اموات بھی 2 ہوگئی ہیں۔

تاہم ان نئے کیسز کے باوجود ملک میں کورونا وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 284 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 198 سے بڑھ کر 17 ہزار 482 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وقت 55 ہزار 829 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 1162 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 17 ہزار 482 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 37 ہزار 185 فعال کیسز ہیں۔

سندھ میں سب سے زیادہ 22 ہزار 491 مصدقہ کیسز ہیں جبکہ پنجاب میں 19 ہزار 557 مریض ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 905 متاثرین ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 3 ہزار 407 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1641 ہے جبکہ گلگت میں 619 اور آزاد کشمیر میں 209 لوگ اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 398
  • سندھ: 367
  • پنجاب: 332
  • بلوچستان: 40
  • اسلام آباد: 16
  • گلگت بلتستان: 07
  • آزاد کشمیر: 02