قومی ترقی میں بینک اہم کردار ادا کر رہے ہیں، چیئر پرسن فرسٹ ویمن بینک

pak bankerکراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ڈیلی دا پاک بینکر کے تعاون سے’’2014ء میں بنکوں اور معیشت کو درپیش مسائل ‘‘کے عنواں سے منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فرسٹ ویمن بینک کے چیئر پرسن شرمین ہدایت اللہ نے کہا کہ پاکستان کے قومی معیشت کو دہشت گردی، انتہا پسندی اور منی لانڈرنگ کی وجہ سے مشکل صورتحال کا سامنا ہے ۔پچھلے پانچ سالوں کے دوران کثیر مقدار میں سرمایہ ملک سے باہر منتقل ہو گیا جس کی وجہ سے ملکی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان اٹھا نا پڑا۔
سیمینار میں معیشت اور دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے ملکی معیشت کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے بارے میں اپنے آراء کا اظہارکیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محترمہ شرمین ہدایت اللہ کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے پاکستان میں ہر طرف مشکل حالات کا سامنا ہونے کے باوجود بینکنگ سیکٹرترقی کی جانب گامزن رہا جبکہ مغربی ملکوں میں کئی معروف بینکوں کا دیوالیہ نکل گیا۔انہوں نے بینکنگ سے متعلق قانون سازی اور چھوٹے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔اسلامک بینکنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامک بینکنگ کا قیام ایک اہم قدم ہے اور مستقبل میں زیادہ سے زیادہ اس طرف توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقامی مارکیٹ میں بنکوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افرادی قوت کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بینکوں کو سرمایہ کاری کرنی چاہیے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بنکوں کوچاہیے کہ وہ اپنے فائدے کے ساتھ ساتھ کسٹمر کی آسانی کو بھی مد نظر رکھیں۔
شر مین ہدایت اللہ نے معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے وسیع بنیادوں پر ٹیکس کی وصولی پر زور دیا۔انہوں نے نوجوانوں کے لیے شروع کی گئی وزیر اعظم قرضہ اسکیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت کا موقع میسر آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کاروباری دنیا میں داخل ہونا چاہتے ہیں ان کے لیے یہ سکیم ایک اچھا موقع ہے۔
اس موقع پر سابق سینئر بینکر اے بی شاہد، مجموعہ آرٹ گیلری کی سی ای او مہرین الہی اور معروف معیشت دان شاہد صدیقی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار کے شرکاء میں ویمن چیمبر آف کامرس کی بانی محترمہ سلمہ احمد، نیشنل بنک کی سینئر ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ طاہرہ رضا، این بی پی کے وائس پریزیڈنٹ ابن حسن، پاک بینکر کے ایڈیٹر جاوید محمود اور بینکنگ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے کئی دوسرے اہم شخصیات موجود تھے۔
سیمینار کے اختتام پر روزنامہ پاک بینکر کے چیف ایڈیٹر جناب اجمل شاہ دین نے شراکاء کا شکریہ ادا کیا۔وہ اس سال معیشت خاص طور پر بینکنگ سیکٹر کے بارے میں خاصے پر امید ہیں۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو شیلڈ تقسیم کیے گئے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *