ہیڈلائن

کورونا وائرس:پنجاب میں مزید 29 اموات، ملک میں متاثرین کی تعداد 63 ہزار سے زائد

Share

دنیا بھر میں پھیلی وبا کورونا وائرس جہاں لاکھوں کو متاثر و ہلاک ہوئے ہیں وہی اب یہ وبا پاکستان میں اپنے پنجے گاڑ رہی ہے اور اب تک یہاں 63 ہزار 716 متاثر جبکہ 1315 لوگ موت کا شکار ہوچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک ملک میں کورونا وبا کے 1027 مریض سامنے آئے جبکہ 32 اموات ہوئیں، تاہم 2 ہزار سے زائد لوگ صحتیاب بھی ہوگئے۔

26 فروری کو ملک میں کورونا وبا کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہیں مختلف طرح کی پابندیاں اور لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جو بعدازاں نرم کردیا گیا۔

ابتدائی طور پر اس وائرس کا پھیلاؤ کافی حد تک کم تھا، تاہم جوں جوں وقت گزرتا گیا، اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آتی رہی اور مئی کا مہینہ اب تک کے لیے سب سے تشویشناک ثابت رہا۔‎

پاکستان میں پہلے کیسز 31 مارچ تک ایک ماہ سے زائد کے عرصے میں 2 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز اور 26 اموات ریکارڈ ہوئیں تھیں۔

جس کے بعد اپریل کے مہینے میں ان کیسز اور اموات میں تیزی آئی اور 30 اپریل تک یہ ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور 385اموات تک پہنچ گئی۔

تاہم مئی کے مہینے میں ان کیسز میں بہت زیادہ تیزی آگئی اور 28 روز کے دوران 46 ہزار سے زائد کیسز 898 اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (29 مئی) کو پاکستان میں اس وبا کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 927 کیسز اور 29 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین 22 ہزار 964 تک پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا پنجاب میں مزید 29 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اس وائرس سے اب تک ہونے والی اموات 410 ہوگئیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد جو ابتدا میں اس وائرس سے کم متاثر علاقہ تھا وہاں اب کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 85 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 3 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔

جس کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2100 جبکہ اموات 22 ہوگئی ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا مریضوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا کے 7 نئے کیسز سامنے آگئے۔

جس کے بعد وہاں اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 651 سے بڑھ کر 658 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 8 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے میں متاثرہ افراد کی تعداد 219 سے بڑھ کر 227 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وبا سے 2ہزار 74 مریض شفایاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار 231 سے بڑھ کر 22 ہزار 305 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 63716

اموات: 1315

صحتیاب 22305

فعال کیسز: 40096

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 25 ہزار 309 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 22 ہزار 964 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 8 ہزار 842 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 3 ہزار 616 ہے۔

اسلام آباد میں 2100، گلگت بلتستان میں 658 اور آزاد کشمیر میں 227 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

خیبرپختونخوا: 432

پنجاب: 410

سندھ: 396

بلوچستان: 41

اسلام آباد: 22

گلگت بلتستان: 09

آزاد کشمیر: 05