ہیڈلائن

پاکستان میں 66 ہزار 457 کورونا کیسز، 24 ہزار سے زائد صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا تشویشناک صورتحال اختیار کر رہی ہے اور گزشتہ روز ملک میں ہلاکت خیز دن ثابت ہونے کے بعد آج مزید کیسز اور اموات سامنے آگئیں۔

ملک میں ان نئے کیسز و اموات کے بعد اب تک کی مجموعی کیسز کی تعداد 66 ہزار 457 ہے جبکہ 1395 اموات ہوچکی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1241 نئے کیسز اور 31 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے حساب سے بدترین دن ثابت ہوا اور ایک روز میں 81 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

یہ ملک میں 3 ماہ کے عرصے میں ہونے والی اموات میں ایک روز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جبکہ اس وبا سے ملک میں پہلی موت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔

اس وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک یہ مختلف انداز میں پھیلا اور ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کم تھا اور درجنوں کی تعداد میں کیسز رپورٹ ہوتے تھے جو بڑھ کر پہلے سیکڑوں ہوئے اور اب ہزاروں تک پہنچ گئے ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری سے 31 مارچ تک پاکستان میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں۔

جو اپریل میں بڑھ کر مہینے کے آخر تک 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

تاہم مئی کے 29 روز میں کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا اور 48 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 979 اموات رپورٹ ہوئیں۔

آج (30 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی بڑا اضافہ ہوا۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 1140 نئے کیسز اور 29 اموات سامنے آگئیں۔

ڈائریکٹریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 1140 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 24 ہزار 104 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 29 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 439 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں کورونا وبا کے مزید 92 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 2100 سے بڑھ کر 2192 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک اور شخص کے انتقال کے بعد اموات 22 سے بڑھ کر 23 ہوگئیں۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 660 تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 2 افراد کو وائرس نے متاثر کیا۔

اب تک وہاں ہونے والی اموات کی تعداد 9 ہے۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر جو ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں سب سے کم متاثر ہوا ہے وہاں بھی 7 نئے کیسز اور ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 7 نئے کیسز کے بعد اب تک وہاں متاثرین کی تعداد 227 سے بڑھ کر 234 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کی موت کے بعد اموات 5 سے بڑھ کر 6 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

دریں اثنا وائرس سے تیزی سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ سامنے آیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1826 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

اس نئی تعداد کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار 305 سے بڑھ کر 24 ہزار 131 ہوگئی ہے۔  

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 66457

اموات: 1395

صحتیاب 24131

فعال کیسز: 40931

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 26 ہزار 113 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 24 ہزار 104 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 9 ہزار 67 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 87 ہے۔

اسلام آباد میں 2192، گلگت بلتستان میں 660 اور آزاد کشمیر میں 234 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

خیبرپختونخوا: 445

سندھ: 427

پنجاب: 439

بلوچستان: 46

اسلام آباد: 23

گلگت بلتستان: 09

آزاد کشمیر: 06