سائنس

سپیس ایکس لانچ: ناسا کے خلابازوں کا تاریخی خلائی مشن شروع

Share

راکٹ کمپنی سپیس ایکس کی جانب سے ناسا کے خلابازوں ڈگ ہرلی اور باب بیہنکن کو خلا میں بھیج دیا گیا ہے۔ اس سے قبل بدھ کو خراب موسم کی وجہ سے یہ سفر ملتوی کر دیا گیا تھا۔

دونوں خلا بازوں کو مدار میں لے جانے کے لیے پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات 12:22 منٹ کا وقت طے کیا گیا تھا۔

ان لمحات کو ٹی وی سکرینز اور سوشل میڈیا پر لائیو دیکھا گیا۔

سپیس ایکس ٹیم نے وقتِ رخصت خلا بازوں کے کام کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے خوبصورت سیارے کے نظاروں سے محظوظ ہوں۔

یہ پہلی نجی خلائی گاڑی ہے جو خلا بازوں کو مدار میں لے کر جا رہی ہے۔

یہ اپنے ابتدائی مدار میں تقریباً نو منٹ میں جائیں گے اور راکٹ کا ایک حصہ نو منٹ میں زمین پر لوٹا جسے دوبارہ استعمال کیا جائے گا۔

ناسا کی جانب سے بتایا گیا کہ راکٹ کا پہلا حصہ نیچے آ گیا ہے۔

یہ فالکن نائن راکٹ کی پہلی واپسی ہے جس میں وہ خلا میں انسانوں کو لے کر گیا ہے۔

گرینیج کے معیاری وقت کے مطابق خلا باز اتوار کو سہ پہر ساڑھے تین بجے خلائی سٹیشن میں پہنچ جائیں گے۔

یہ مشن اس لیے بھی بہت اہم ہے کیونکہ سنہ 2011 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب امریکہ اپنے خلابازوں کو آئی ایس ایس پر پہنچانے کے قابل ہوا ہے۔

ناسا

یاد رہے کہ فلوریڈا کے کینیڈی سپیس سینٹر میں خراب موسم کی وجہ سے بدھ کے روز بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے ان کی پرواز ملتوی کردی گئی تھی۔

دونوں خلا باز اب زمین کی کشش ثقل سے نکل چکے ہیں۔ اب وہ انیس گھنٹوں کے بعد انٹرنیشنل سپیس سٹیشن میں پہنچیں گے۔ لیکن ابھی انھوں نے کام کرنا ہے۔

یا رہے کہ یہ ابھی ٹیسٹ فلائیٹ ہے اور خلا باز اس پورے سفر میں سسٹم اور ڈریگن کے کنٹرول کو چیک کریں گے۔

تاہم اس مشن کے حوالے سے صارفین کے ذہنوں میں متعدد سوالات موجود ہیں جن کے جوابات ہم اس تحریر میں دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

راکٹ
سنیچر کو بدھ والی روٹین ہی دہرائی جائے گی

ایک نجی کمپنی ناسا کے خلا بازوں کو کیوں لانچ کررہی ہے؟

2000 کی دہائی کے اوائل سے ہی ناسا اپنے عملے کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر پہنچانے کی ذمہ داری دوسری کمپنیوں کو سونپنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ سنہ 2003 میں زمین پر واپسی کے دوران خلائی شٹل کولمبیا کے تباہ ہوجانے کے بعد امریکی خلائی ادارے نے ایسے متبادل خلائی جہاز کی تیاری پر کام شروع کر دیا جو انسانوں کو چاند پر لے جا سکے۔

بین الاقوامی خلائی سٹیشن تک عملہ اور سامان پہنچانے کی ذمہ داری نجی کمپنیوں کو سونپنا اُس پروگرام کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے ایک ضروری قدم تھا۔

سنہ 2014 میں سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک اور جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ کو ناسا کی طرف سے خلا بازوں کی آمدورفت کا کنٹریکٹ دیا گیا۔

کریو ڈریگن
کریو ڈریگن میں سات لوگوں کے سفر کرنے کی جگہ ہے لیکن ناسا اپنی پروازوں میں صرف چار خلا بازوں کو لیکر جائے گی اور باقی جگہ ضروری اشیا کے لیے استعمال ہو گی

سپیس ایکس کیا ہے؟

سپیس ایکس ایک امریکی کمپنی ہے جو حکومت کو اپنے فالکن نائن اور فالکن ہیوے راکٹ کے ذریعے کمرشل سروسز مہیا کرتی ہے۔

ایلون مسک نے اس کمپنی کی بنیاد سنہ 2003 میں رکھی اور اس کا مقصد خلائی ٹرانسپورٹ سروس کے اخراجات میں کمی کرنا تھا تاکہ مریخ پر آباد کاری کی جا سکے۔

سپیس ایکس وہ پہلی نجی کمپنی ہے جس نے خلا پر متعدد راکٹ بھیجے ہیں اور کمپنی کے تیار کیے گئے راکٹ بار بار استعمال کیے جا سکتے ہیں حالانکہ عموماً ایسا نہیں ہوتا۔

سپیس ایکس باقاعدگی سے خلا میں انٹرنیشنل سپیس سٹیشن پر سامان لے جاتی رہی ہے اور اب یہ خلا باز لے کر جائے گی۔

ایلون مسک کی کمپنی عام انسانوں کو لے جانے کے لیے بھی ایک بڑا خلائی جہاز بنا رہی ہے جس کا نام ہے سٹارشپ۔ اس جہاز سے مریخ پر نو آبادکاری کی شروعات ہو سکتی ہے۔

الون مسک
ایلون مسک نے تیز رفتار ٹرانسپورٹ سسٹم ہائپر لوپ کی بھی بنیاد رکھی ہے، یہ منصوبہ برق رفتار زیر زمین سفر کے سسٹم پر کام کر رہا ہے

ایلون مسک کون ہیں؟

جنوبی افریکہ میں پیدا ہونے والے ایلون مسک نے اپنی کمپنی پے پال کو ای بے کو فروخت کر کے 160 ملین ڈالر کمائے تھے۔

انھوں نے سپیس ایکس کی بنیاد رکھی جس کے پیچھے انسانوں کو خلائی سفر کے قابل بنانے کی خواہش تھی۔ وہ اس کے علاوہ گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے بھی بانی اور سی ای او ہیں۔

ایلون مسک نے تیز رفتار ٹرانسپورٹ سسٹم ہائپر لوپ کی بھی بنیاد رکھی ہے، یہ منصوبہ برق رفتار زیر زمین سفر کے سسٹم پر کام کر رہا ہے۔

ایلون مسک کی رنگین شخصیت کی وجہ سے مارول کی سیریز آئرن مین فلم میں ٹونی سٹارک کا کرداران سے متاثر ہو کر لکھا گیا، جسے سنیما سکرین پر اداکار رابرٹ ڈاونے جونیئر نے ادا کیا۔

ایلون مسک تنازعات کا حصہ بھی رہے ہیں۔ ان کی ٹویٹس کی وجہ سے انھیں مقدمات کا سامنا رہا ہے جس وجہ سے انھیں اپنی کمپنی ٹیسلا سے چیئرمین کے عہدے سے جبری طور پر استعفیٰ دینا پڑا تاہم وہ اب بھی ٹیسلا کے سی ای او ہیں۔

سپیس ایکس

یہ لانچ اتنا ضروری کیوں ہے؟

سپیس شٹل کی سنہ 2011 میں ریٹائرمنٹ کے بعد سے ناسا اپنے خلا بازوں کو لانچ کرنے کے لیے روس کو سینکڑوں ملین ڈالر دے رہا ہے۔

فلوریڈا سے سپیس ایکس کے کریو ڈریگن کا لانچ امریکی سرزمین سے نو برسوں میں پہلا ایسا لانچ ہوگا، اس وجہ سے یہ پروجیکٹ، خلائی سفر کے میدان میں امریکی وقار کو بحال کرنے میں بھی مدد کرے گا۔

یہ اس لیے بھی تاریخی ہے کیونکہ خلا بازوں کو پہلی بار ایک پرائیویٹ کمپنی خلا میں بھیج رہی ہے۔

سپیس ایکس

کریو ڈریگن کیا ہے؟

کریو ڈریگن وہ سپیس کرافٹ یا خلائی جہاز ہے جو سنیچر کو خلا بازوں کو انٹرنیشنل سپیس سٹیشن لے کر گیا ہے۔

یہ پرانے خلائی جہاز ڈریگن کی جدید شکل ہے جو سپیس ایکس خلا میں سامان لے جانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

کریو ڈریگن میں سات لوگوں کے سفر کرنے کی جگہ ہے لیکن ناسا اپنی پروازوں میں صرف دو خلا بازوں کو لے کر جائے گا اور باقی جگہ ضروری اشیا کے لیے استعمال ہو گی۔

پچھلے خلائی جہازوں کے برعکس کریو ڈریگن میں پہلی بار ٹچ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔

باب بینکن اور ڈگ ہرلی
باب بینکن اور ڈگ ہرلی ناسا میں کام کرنے والے انتہائی تجربہ کار خلا باز ہیں، ان دونوں کو سنہ 2000 میں اس مشن کے لیے چنا گیا

خلا میں جانے والے خلا باز کون ہیں؟

باب بینکن اور ڈگ ہرلی ناسا میں کام کرنے والے انتہائی تجربہ کار خلا باز ہیں۔ ان دونو ں کو سنہ 2000 میں اس مشن کے لیے چنا گیا اور یہ دو دو بار خلا کا سفر کر چکے ہیں اور دونوں ٹیشٹ پائلٹ کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

ہرلی اب تک 28 دن اور 11 گھنٹے خلا میں رہ چکے ہیں جبکہ ان کے ساتھی بینکن 29 دن اور 12 گھنٹے خلا میں گزار چکے ہیں۔ ان دونوں کی بیویاں بھی خلا باز ہیں۔

یہ خلا باز وہاں جا کر کیا کریں گے؟

سپیس ایکس

کسی بھی سپیس کرافٹ کو خلا بازوں کی آمدورفت کے لیے استعمال کیے جانے سے پہلے متعدد ٹیسٹ اور جانچ کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اس کے مسافر محفوظ ہوں گے۔

سپیس ایکس کی طرف سے کیا گیا یہ لانچ اسی سلسلے کی آخری کڑی ہے یعنی کہ کامیاب لانچ اس بات کی ضمانت دے گا کہ یہ خلائی جہاز اب خلا بازوں کو لے جانے کے لیے تیار ہے۔

بنکن اور ہرلی اب کریو ڈریگن کے ماحولیاتی کنٹرول سسٹم کو ٹیسٹ کریں گے اور اس کے ڈسپلے اور جہاز کی سمت تعین کرنے والے تھرسٹرز کو بھی چیک کریں گے۔

اس کے علاوہ انٹرنیشنل سپیس سٹیشن تک کے سفر کے دوران اس جہاز کے خودکار ڈاکنگ سسٹم کا بھی معائنہ کیا جائے گا۔ یہ دونوں خلا باز انٹرنینشل سپیس سٹیشن کے ممبر بھی بنیں گے۔

دونوں خلا بازوں کی واپسی ایک کیپسول میں پیرا شوٹ کے ذریعے بحر اوقیانوس میں ہوگی اور انھیں لینے کے لیے ایک بحری جہاز گو نیویگیٹر وہاں موجود ہو گا۔

کیا اس لانچ میں غلطی یا حادثہ ہو سکتا ہے؟

کریو ڈریگن میں خودکار ‘ان ایبورٹ سسٹم’ موجود ہے۔ اس سسٹم کا مقصد ایمرجنسی یا خطرے کے دوران مشن کو خود بخود ختم کر دینا ہے۔

اگر خلائی جہاز کے اڑنے یا ‘لفٹ آف’ کے وقت اس میں یا اس سے جڑے راکٹ میں کوئی مسئلہ پیش آتا ہے تو خلائی جہاز اندر موجود خلا بازوں کو پیرا شوٹ کے ذریعے جہاز سے باحفاظت باہر نکال دے گا۔ سپیس ایکس اس ٹیکنالوجی کو اس سال جنوری میں ٹیسٹ کرچکا ہے۔

باب بینکن اور ڈگ ہرلی
سپیس ایکس نے جو نئے سوٹ متعارف کروائے ہیں وہ سفید رنگ کے ہیں اور نہ تو پہلے جتنے موٹے ہیں اور نا ہی اتنے بھاری

خلا بازوں نے کیا پہنا

بینکن اور ہرلی نے جو سپیس سوٹ پہنے وہ پچلے خلائی ملبوسات کی نسبت بہت مختلف ہیں۔

سپیس شٹل کے دور میں نارنجی رنگ کے بھاری بھرکم کپڑِے اور ہیلمٹ خلا بازوں کے لیے عام تھے لیکن اس بات سپیس ایکس نے جو نئے سوٹ متعارف کروائے ہیں وہ سفید رنگ کے ہیں اور نہ تو پہلے جتنے موٹے ہیں اور نا ہی اتنے بھاری۔ ان سوٹس کے ساتھ دیے گئے نئے ہیلمٹ تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے بنائے گئے ہیں۔

یہ ملبوسات کسی سائنس فکشن فلم میں نظر آنے والے کپڑوں جیسے دکھائی دیتے ہیں اور اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ انھیں ہالی ووڈ کے کاسٹیوم ڈیزائنر ہوزے فرنینڈز نے ڈیزائن کیا ہے، جنھوں نے بیٹ مین، ایکس مین اور تھور جیسی فلموں کے لیے ملبوسات تیار کیے ہیں۔

سپیس ایکس کا ناسا کا پروگرام تاخیر کا شکار ہو گیا
سپیس ایکس کا ناسا کا پروگرام بدھ کے روز تاخیر کا شکار ہو گیا

اس لانچ کے بعد کیا ہو گا؟

اگر کریو ڈریگن کا مشن کامیاب ہوتا ہے تو سپیس ایکس اس طرح کے چھ مزید مشن انٹرنیشنل سپیس سٹیشن بھیجے گا جو کہ ناسا کے ساتھ ان کے ڈھائی بلین ڈالر معاہدے کا حصہ ہیں۔

طیارہ بنانے والی کمپنی بوئنگ کے ساتھ بھی ناسا کا معاہدہ ہے جو کہ چار بلین ڈالر کا ہے جس کے مطابق کمپنی اپنے سی ایس ٹی ون ہنڈرڈ سٹارلائنر خلابازوں کو لے جانے کے لیے استعمال کرے گی۔