ہیڈلائن

کورونا وائرس: پاکستان میں کیسز 70 ہزار سے زائد، اموات تقریباً 1500 ہوگئیں

Share

پاکستان میں کورونا وائرس دن بدن تیزی سے پھیل رہا ہے اور گزشتہ 2 روز سے کیسز اور اموات کی تعداد میں اچانک تیزی آئی ہے اور اب تک ملک میں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 70 ہزا 381 ہوگئی جبکہ اموات 1499 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں آج ابھی تک مزید 2098 مریض آئے جبکہ 58 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک روز میں 3 ہزار سے زائد کیسز اور 77 اموات رپورٹ ہوئی تھی جبکہ اس سے ایک روز قبل 2500 سے زائد کیسز اور ریکارڈ 81 اموات سامنے آئی تھیں۔

خیال رہے کہ ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک اس وبا کے پھیلاؤ میں بتدریج اضافہ ہی ہوا ہے۔‎

ابتدا میں یہ وبا اتنی تیزی سے نہیں پھیلی اور اس کے کیسز کم رپورٹ ہوئے جس کی ایک بڑی وجہ ٹیسٹنگ کا کم ہونا تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اور ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافے کے بعد اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

ڈان نیوز کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری سے 31 مارچ تک پاکستان میں تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو بعد ازاں 30 اپریل تک 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

تاہم مئی کے مہینے میں یہ وائرس اب تک کی سب سے خطرناک صورتحال تک پہنچا اور 30 روز کے دوران کیسز میں 51 ہزار سے زائد کیسز اور ایک ہزار سے زائد اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (31 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا کے مزید مریض اور اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 885 نئے کیسز اور 16 اموات کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 4100 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 885 کے نتائج مثبت آئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 28 ہزار 245 ہوگئی۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 16 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد یہ تعداد 481 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 952 کیسز اور ایک روز کی ریکارڈ 36 اموات کا اضافہ ہوا۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 25 ہزار 56 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں ایک روز کے دوران مزید 36 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے ساتھ ہی پنجاب میں مجموعی اموات کی تعداد 475 ہوگئی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں آج ایک روز میں اب تک کے ریکارڈ کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 226 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے جبکہ 4 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

جس کے بعد اب تک اسلام آباد میں متاثر ہونے والوں کی تعداد 2192 سے بڑھ کر 2418 ہوگئی اور اموات بھی 23 سے بڑھ کر 27 ہوگئیں۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا جبکہ اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 18 نئے کیسز آگئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 660 سے بڑھ کر 678 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جس سے یہ تعداد 9 سے بڑھ کر 11 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

دریں اثنا آزاد کشمیر میں بھی اس عالمی وبا کے مزید متاثرین کا اضافہ ہوا۔

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 234 سے بڑھ کر 251 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں ان کیسز اور اموات کے باجود صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1140 افراد نے اس وائرس کو شکست دے دی۔

جس کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 24 ہزار 131 سے بڑھ کر 25 ہزار 271 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 70381

اموات: 1499

صحتیاب 25271

فعال کیسز: 43611

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 28 ہزار 245 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 25ہزار 56 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 9 ہزار 540 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 193 ہے۔

اسلام آباد میں 2418، گلگت بلتستان میں 678 اور آزاد کشمیر میں 251 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

سندھ: 481

پنجاب: 475

خیبرپختونخوا: 453

بلوچستان: 46

اسلام آباد: 27

گلگت بلتستان:11

آزاد کشمیر: 06