کورونا وائرس: لاک ڈاؤن کے بعد ملکہ برطانیہ پہلی بار منظرِ عام پر
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بعد ملکہ برطانیہ پہلی مرتبہ منظرِ عام پر آئی ہیں۔
ان کی حالیہ تصویر میں وہ گھوڑے پر بیٹھی ہوئی ہیں۔
94 سالہ ملکہ 14 سالہ گھوڑے بالمورل فرن پر سوار تھیں۔
کہا جاتا ہے کہ ملکہ کی پسندیدہ شاہی رہائشوں میں سے ایک ونڈسر ہے۔ وہ روزانہ ونڈسر کے میدان میں گھڑ سواری کرتی ہیں۔
ملکہ یہاں اپنے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرگ جن کی عمر 98 برس ہے اور سٹاف ک کچھ ممبران کے ساتھ مقیم ہیں۔
عوامی سطح پر ملکہ برطانیہ کی آخری تصویر 19 مارچ کو بکنگہم پیلس سے برک شائر والے گھر میں جاتے ہوئے لی گئی تھی۔
ان کے دو پالتو کتّوں جن کے نام کینڈی اور ولکن ہے کو ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
اپنے جانے کے طے شدہ شیڈیول سے ایک دن پہلے ملکہ برطانیہ کو اپنی سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنا تھیں تاہم پھر انھوں نے وزیراعظم اور سامعین کے ساتھ ہونے والی ملاقات ہفتہ وار براہ راست ملاقات کو ٹیلی فون کے ذریعے سرانجام دیا۔
ملکہ برطانیہ گھوڑوں سے بہت پیار کرتی ہیں۔
شوخ و رنگین سکارف لیے ہوئے ملکہ برطانیہ نے جیکٹ پہن رکھی ہے ساتھ میں سفید دستانے پہنے ہوئے ہیں۔
ملکہ کی نئی تصویر پریس ایسوسی ایشن کی جانب سے ہفتے کے اختتام پر گھڑ سواری کے دوران لی گئی۔
ملکہ برطانیہ نے لاک ڈاؤن کے دوران قوم سے دو مرتبہ خطاب کیا۔
اپنے پہلے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں کامیاب ہو گا۔ انھوں نے حکومتی احکامات کے مطابق لوگوں کے گھر میں موجود رہنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ ایک ہفتے بعد کی ہی بات تھی جب ان کے بیٹے شہزادہ چارلس کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد خود ساختہ تنہائی سے باہر نکلے۔
وکٹری ڈے کو 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر انھوں نے قوم سے دوسرا خطاب کیا۔
شاہی خاندان کے ممبران نے کورونا وبا کے خلاف کام کرنے والے اہم ورکرز اور عوام کو لاک ڈاؤن کے دوران پیغامات بھی ارسال کیے جو ان کی حوصلہ افزائی اور ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے تھے۔
نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج سمیت سینئیر شاہی افراد نے طبّی عملے کے اراکین سے ویڈیو کال پر بات چیت کی۔
انھوں نے 21 اپریل کو انپی سالگرہ لاک ڈاؤن میں پرنس فلپ کے ہمراہ منائی۔
وبا کی وجہ سے متعدد سالانہ تقریبات کو منسوخ کیا گیا۔ اس میں ملکہ کی سرکاری طور پر منائی جانے والی سالگرہ بھی شامل ہے۔
ان کی سالگرہ کے موقع پر شاہی حاندان کے افراد ڈیوک اینڈ ڈچز آف سوسیکس نے انھیں ٹیلی فون کیا اور ویڈیو کالز کیں۔