Site icon DUNYA PAKISTAN

پاکستان میں 71 ہزار 276 کورونا متاثرین، 26 ہزار سے زائد صحتیاب

Share

دنیا بھر میں پھیلنے والا کورونا وائرس پاکستان میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کرچکا ہے اور اسے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ متاثر ہورہے جبکہ درجنوں اموات بھی ہورہی ہیں۔

ملک میں اس عالمی وبا کے اب تک 71 ہزار 276 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1521 تک جاپہنچی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی اس وبا کو 3 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران اس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا جبکہ مئی کا مہینہ اب تک کا بدترین ماہ ثابت ہوا۔‎

فروری کے آخر اور مارچ کے ماہ کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 ہزار تک تھی جبکہ 26 اموات ہوئیں تھیں۔

اپریل میں اس میں کچھ تیزی دیکھی گئی اور ملک میں وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 16 ہزار تک پہنچی جبکہ اموات بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مئی کا مہینہ کیسز میں اچانک تیزی آئی اور سیکڑوں میں آنے والے کیسز ہزاروں میں پہنچ گئے جبکہ یومیہ اموات بھی درجنوں میں جا پہنچیں۔

صرف مئی کے مہینے میں پاکستان میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں جو تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

آج (یکم جون) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک موت بھی واقع ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 171 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 589 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک فرد کے انتقال کی بھی تصدیق ہوئی جس سے اموات کی تعداد 27 سے بڑھ کر 28 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں کیسز میں اچانک اضافہ دیکھا گیا اور ایک روز میں مزید 33 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے۔

ان نئے کیسز کے بعد علاقے میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 678 سے بڑھ کر 711 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

اگرچہ اس وقت آزاد کشمیر اس وبا سے سب سے کم متاثر علاقہ ہے تاہم وہاں مزید 4 نئے کیسز آنے کے بعد کیسز 251 سے 255 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جہاں ملک میں کیسز کی تعداد اس تیزی سے بڑھ رہی وہیں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 812 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں اب تک اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد 25 ہزار 271 سے بڑھ کر 26 ہزار 83 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 71276

اموات: 1521

صحتیاب 26083

فعال کیسز: 43672

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 28 ہزار 245 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 25ہزار 56 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 10 ہزار 27 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 393 ہے۔

اسلام آباد میں 2589، گلگت بلتستان میں 711 اور آزاد کشمیر میں 255 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

سندھ: 481

پنجاب: 475

خیبرپختونخوا: 473

بلوچستان: 47

اسلام آباد: 28

گلگت بلتستان:11

آزاد کشمیر: 06

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 68 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرچکی ہے۔

Exit mobile version